Baseerat Online News Portal

یوپی انتخابات: عام آدمی پارٹی نے 70 ممکنہ امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی

نئی دہلی26ستمبر(بی این ایس )
عام آدمی پارٹی ، جس نے اتر پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے پہلے مرحلے میں 100 ممکنہ امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی ہے ،نے آج (اتوار ، 26 ستمبرکو) دوسری فہرست بھی جاری کی ہے۔ قومی ترجمان اور دہلی اسمبلی میں چیف وہپ دلیپ پانڈے ، ریاستی صدر سبھاجیت سنگھ نے دوسری فہرست میں 70 نشستوں کے لیے ممکنہ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیاہے۔ اس موقع پر ریاستی صدر سبھاجیت سنگھ نے اسمبلی کے انچارجوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی پالیسیوں کے مطابق وہ اپنے علاقے میں ریاستی قیادت کی طرف سے مقرر کردہ مہم کو کامیابی سے چلائیں گے۔ اگر ان کا کام درست ہے تو پارٹی انہیں اس علاقے میں اپنا امیدوار بنائے گی۔اے اے پی نے پسماندہ طبقات سے 29 انچارج بناکردوسری فہرست میں زیادہ سے زیادہ نمائندگی (40 فیصد سے زیادہ) دینے کی کوشش کی ہے۔ اس سے پہلے پہلی فہرست میں 100 میں سے 35 نام پسماندہ طبقات کے تھے۔ ساتھ ہی دوسری فہرست میں 19 برہمن ، 13 دلت اور 5 مسلم لیڈروں کو بھی جگہ دی گئی ہے۔سبجیت سنگھ نے کہا کہ فہرست میں تمام طبقات کو نمائندگی دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ انھوں نے کہاہے کہ ڈاکٹر ، انجینئر ، ایڈوکیٹ ، گریجویٹ ، پوسٹ گریجویٹ سے لے کر نوجوانوں ، کسانوں تک ہر طبقے کے لوگوں کو فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ روشن خیال طبقے کے حق کی نمائندگی کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔اس فہرست میں لکھنؤ کی ملیح آباد اسمبلی سیٹ سے للت والمیکی اور بکشی کا تالاب سیٹ سے پنکج یادو کو اسمبلی کا انچارج بنایا گیا ہے۔

You might also like