Baseerat Online News Portal

معروف پاکستانی اداکار، اسٹیج کے بے تاج بادشاہ، کامیڈی کنگ عمر شریف انتقال کرگئے۔۔۔! اناللہ واناالیہ راجعون

لندن۔۲؍اکتوبر: اسٹیج کے بے تاج بادشاہ کامیڈی کنگ عمر شریف انتقال کرگئے، وہ علاج کے لئے امریکہ روانہ ہوئے تھے، طبیعت خراب ہونے پر عمر شریف کو جرمنی کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔خاندانی ذرائع نے عمر شریف کے جرمنی کے اسپتال میں انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف کا آج صبح جرمنی کے اسپتال میں ڈائیلاسز ہوا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ایشئین کامیڈین لیجنڈ اور دنیا بھر میں معروف پاکستانی فنکار عمر شریف اپنے کروڑوں مداحوں کو اداس چھوڑ کر جہان فانی سے کوچ کرگئے۔انہیں گزشتہ دنوں علاج کی غرض سے امریکہ لے جایا جارہا تھا کہ راستے میں طبیعت کی خرابی کے باعث انہین جرمنی کے ایک اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ امریکہ میں مقیم ڈاکٹر طارق شہاب نے گزشتہ دنوں عمر شریف کی بیماری سے متعلق اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ عمر شریف کے دل کے ایک والو کے مسلز کمزور ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے خون کی گردش میں رکاوٹ ہے جبکہ انہیں سانس لینے میں بھی تکلیف کا سامنا ہے۔انہوں نے بتایا تھا کہ اس تکلیف کا علاج اوپن ہارٹ سرجری سے ہی ہوسکتا ہے لیکن عمر شریف کی پہلے ہی ایک اوپن ہارٹ سرجری ہوچکی ہے جبکہ ان کے گردے بھی کمزور ہیں لہٰذا دوبارہ سرجری کرنا ان کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ عمر شریف کے نام سے مشہور پاکستان کے معروف اداکار، کامیڈین، ہدایت کار، پروڈیوسر اور ٹیلی ویژن شخصیت کا اصل نام محمد عمر ہے، وہ 19 اپریل 1955 کو لیاقت آباد میں پیدا ہوئے تھے۔ عمر شریف کا شمار نہ صرف پاکستان کے بلکہ برصغیر کے نامور کامیڈینز میں ہوتا ہے۔ ان کا مشہور اسٹیج ڈراما ’’بکرا قسطوں پر‘‘ پاکستان اور ہندوستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوا تھا۔

You might also like