Baseerat Online News Portal

’’ایکسپو 2020  دبئی‘‘ میں ہندوستان کی مضبوط نمائندگی

گراؤنڈ زیرو سے محمد رضی الرحمن کی خاص رپورٹ
اکتوبر 2021 سے مارچ 2022 تک، چھ ماہ  چلنے والے ایکسپو 2020 دبئی (یو اے ای) میں 192 ملکوں نے حصہ لیا ہے، امید کی جارہی ہے کہ اس اکسپو میں کئی ٹریلین ڈالرز کے تجارتی معاہدات مختلف کمپنیوں کے بیچ ہوں گے۔4636 اسکوائر میٹر پر پھیلا ہوا انڈیا کا چار لیول (منزل) کا خوبصورت اور دلکش پویلین ہےجو اکسپو 2020 دبئی میں آنے والی ہر نگاہ کو اپنی طرف کھینچتا ہے اور لوگوں کے قدم بے ساختہ اس پویلین کی طرف اٹھتے چلے جاتے ہیں ۔ تین دن میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد انڈین پویلین میں آئے اور اسے دیکھا، سی پی ککریجا آرکٹیکٹس نامی کمپنی نے اسے تقریبا 490 کروڑ روپے (ہندوستانی) لاگت سے بنایا ہے، مارچ 2022 میں اکسپو 2020 دبئی کے ختم ہوجانے پر دس سے کم پویلین کو چھوڑ کر باقی سارے پویلین کو ہٹادیا جائے گا، جن پویلین کو اس اکسپو کے یاد گار کے طور پر باقی رہنے دیا جائے گا، ان میں ایک انڈین پویلین بھی ہے۔اس اکسپو میں انڈین پویلین کے اندر زراعت یعنی کھیتی باڑی، آٹو موبائیل، ہوابازی، تعلیم، تعمیر یعنی کنسٹرکشن، انرجی، ماحولیات، اقتصاد و اکنامک اور فائنانشیل سروس، غذائی مواد کی پروسیسنگ،ہینڈکرافٹ ( ہاتھوں والی حرفت)، چمڑے کی مصنوعات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پٹرو کیمیکلس، کھیل کود، فلم و ٹی وی، خلا یعنی اسپیس، کپڑے کی صنعت، سیاحت ، مہارتوں اور لوجیسٹکس وغیرہ کے تعلق سے ماضی و حال میں ہندوستان کی خدمات اور مستقبل کے وژن اور ارادوں کو تصویروں، ماڈلس ، نمونوں ، آڈیوز اور ویڈیوز کے ذریعہ دکھایا گیا ہے۔ساتھ ہی روزانہ انڈین پویلین میں مختلف طرح کے ثقافتی پروگرام بھی ہو رہے ہیں اور ایکسپوکے اختتام تک جاری رہیں گے۔

You might also like