Baseerat Online News Portal

دربھنگہ میں کالی مندر کے پجاری کا گولی مار کر قتل،دوسرے کی حالت نازک، مشتعل لوگوں نے 1 حملہ آور کو بھی موت کے گھات اتارا، 2 جرائم پیشہ گرفتار

 

جالے (رفیع ساگر؍بی این ایس)یونیورسٹی تھانہ حلقہ کے راج میدان احاطے میں قائم کالی مندر کے خاص پجاری راجیش جھا عرف سنٹو جھا 45 سالہ کا جمعرات کی علی الصباح ساڑھے4 بجے اسلحہ سے لیس جرائم پیشوں نے گولی مار کر قتل کر دیا جب کے پجاری کو بچانے آئے عقیدت مند شمبھو جھا کو بھی جرائم پیشہ نے گولی مار کر شدید طور پر زخمی کر دیا جسکا علاج دربھنگہ کے کسی پرائیویٹ اسپتال میں چل رہا ہے اور حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔پجاری کالی مندر میں نوراتری کے دوران پوجا ارچنا کر رہے تھے کہ اسی اثناء میں 4 جرائم پیشہ افراد کار میں سوار ہوکر اسلحہ کے ساتھ مندر کے قریب پہنچے اور مندر کے پجاری پر فائرنگ شروع کر دی جس کے سبب پجاری کی موقع پر ہی موت ہوگئی اس واردات کو انجام دے کر جب جرائم پیشہ بھاگنے لگے تب 3 جرائم پیشوں کو مندر میں موجود عقیدت مند نے کھدیڑ کر پکڑ لیا جب کے ایک جرائم پیشہ موقع سے بھاگنے میں کامیاب رہا ۔اس دوران مقامی لوگوں نے پکڑے گئے تینوں جرائم پیشہ کی جم کر پٹائی کر دی جس کے سبب ایک جرائم پیشہ کی موت موقع پر ہی ہوگئی جب کے 2 جرائم پیشہ کی حالت تشویشناک بتائی جارہی جس کا علاج ڈی ایم سی ایچ میں چل رہا ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس دستہ کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچے ایس ایس پی بابو رام اور ڈی ایس پی کرشنندن کمار نے حالات کا جائزہ لیا۔ایس ایس پی نے بتایا کہ پورے معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ موقع سے ایک پستول، 1 زندہ کارتوس ،1 کار اور 6 فائر کی ہوئی گولی برآمد ہوئی ہے۔جائے وقوع پر حفاظت کے انتظامات پختہ کردئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق بدھ کی دیر شام پجاری کے بھتیجے کے ساتھ ایک نامعلوم شخص کا موبائل فون کو لیکر جھگڑا ہوا تھا۔ پجاری کے بھتیجے کا کہنا ہے کہ شراب بندی کے بعد مندر کے آس پاس شام میں نشہ بازوں کا جماورا لگنے لگتا ہے اسی میں سے ایک شخص نے پجاری کے بھتیجے سے کال کرنے کے لئے فون مانگا تھا جو پجاری کے بھتیجے نے نہیں دیا ۔اسی بات کو لیکر دونوں میں کہا سنی ہوگئی اور بیچ بچاؤ کے لئے پجاری آئے لیکن معاملہ مار پیٹ تک پہنچ گیا اور نامعلوم شخص کے سر میں چوٹ لگ گئی لوگوں کا کہنا ہے کہ اسی نامعلوم شخص کے ساتھ مندر میں آئے تین جرائم پیشہ افراد نے پجاری کو گولی مار دی جس میں وہ ہلاک ہوگئے ۔پجاری کے پڑوسی ابھیشیک جھا نے بتایا کہ گولی کی آواز سن کر ہم موقع پر پہنچے تو دیکھا کہ پجاری کو گولی لگی ہے اور آنا فانا میں پجاری کو ایک پرائیویٹ اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹر نے اُنہیں مردہ قرار دے دیا ۔ڈاکٹر کے مطابق پجاری کو تین گولی لگی ہوئی تھی۔

صدر ڈی ایس پی کرشنندن کمار نے بتایا کہ جو عقیدت مند شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں انکا علاج پارس اسپتال میں چل رہا ہے جب کہ پکڑے گئے جرائم پیشہ کا علاج پولیس کی دیکھ ریکھ میں ڈی ایم سی ایچ میں چل رہا ہے ۔بھیڑ کی پٹائی سے ہلاک اور موقع سے پکڑے گئے جرائم پیشوں کی شناخت بھی ہوچکی ہے۔ساتھ ہی فرار جرائم پیشہ کا نام بھی سامنے آچکا ہے۔سبھی دربھنگہ شہر کے رہنے والے بتائے گئے ہیں۔

You might also like