Baseerat Online News Portal

آراوپلانٹ لگانے کا دہلی جل بورڈ کا فیصلہ پانی کی ایک ایک بوند کو ترسا دے گا:کلیم الحفیظ

مفت پانی کا وعدہ کرنے والے کنکشن کے نام پرعوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں:دہلی اے آئی ایم آئی ایم
نئی دہلی(پریس ریلیز)کیجریوال حکومت نے آر او پلانٹ لگاکر لوگوں کو پینے کاصاف پانی دینے کا جو وعدہ کیا ہے وہ ایک دھوکے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ایم سی ڈی الیکشن کے قریب اس طرح کے فیصلے ووٹ حاصل کرنے کے سوا کچھ نہیں ہیں۔مفت پانی کا وعدہ کرنے والے کنکشن کے نام پرعوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالیں گے ۔ان خیالات کا اظہار کل ہند مجلس اتحاد المسلمین دہلی کے صدر کلیم الحفیظ نے پریس کو جاری ایک بیان میں کیا۔کلیم الحفیظ نے دہلی جل بورڈ کے حالیہ فیصلے کو عوام مخالف بتایا اور کہا کہ کنکشن کے نام پر سرکار نے کئی سلیب بنا کر لوگوں کی جیب پر ڈاکا ڈالا ہے۔مفت بجلی اور پانی کا وعدہ کرنے والی سرکار عوام کا بے وقوف بنا کر اپنی تجوریاں بھرنا چاہتی ہے۔دوسری طرف سرکار کو بتانا چاہئے کہ پانچ سال پہلے جو فیصلہ ہوا تھا کہ سونیا وہار سے پائپ لائن کے ذریعے اوکھلا کو پانی کی سپلائی دی جائے گی اس کا کیا ہوا؟سرکار سمجھتی ہے کہ لوگ اس کے وعدے بھول گئے ہیں ،یہ اس کی خام خیالی ہے دہلی کے عوام کو کیجریوال کا ہر وعدہ یاد ہے اور ایم سی ڈی الیکشن میں سرکار کو اس کا حساب دینا ہوگا۔کلیم الحفیظ نے سوال کیا کہ مفت پانی کاوعدہ کرنے والے کنکشن کے نام پر 1000,2000,4000,اور8000روپے کیوں لیں گے۔دہلی صدر نے کہا کہ لاکھوں کنکشن سے جمع ہونے والی اربوں روپے کی یہ رقم کیجریوال کے اشتہار اور دوسری ریاستوں میں الیکشن پر خرچ کی جائے گی۔سرکار کہہ رہی ہے کہ دلالوں سے آزدی ملے گی حالاں کہ دلالوں سے آزادی کے نام پر اب خود سرکار دلالی کرے گی ۔مجلس صدر نے دہلی جل بورڈ کے اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔کلیم الحفیظ نے کہا کہ اگر زیر زمین آبی ذخائر کو نکالا گیا تو دہلی میں کیپ ٹائون جیسے حالات پیدا ہوجائیں گے اور دہلی کے عوام پانی کی ایک ایک بوند کو ترس جائیں گے۔کلیم الحفیظ نے یہ بھی کہا کہ اس پروجیکٹ میں سرمایہ داروں کی حصے داری پانی کو مہنگا کردے گی اور سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچائے گی۔جو سرکار پینے کا صاف پانی بھی اپنے شہریوں کو مفت نہیں پلا سکتی اس کو عوام پر حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔افسوس کی بات ہے کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں یہ دن آگئے ہیں کہ پینے کا پانی بھی خریدنا پڑرہا ہے۔کل ہند مجلس اتحاد المسلمین اس مسئلہ کو عوام کے درمیان لے جائے گی اور کیجریوال کا چہرہ بے نقاب کرے گی۔

You might also like