Baseerat Online News Portal

ایس پی اور آر ایل ڈی امیدوار، رُکن اسمبلی ناہید حسن گرفتار، عدالتی تحویل میں جیل رسید  

 

شاملی: کیرانہ سے ایس پی ایم ایل اے ناہید حسن کو پولیس نے آج بروز سنیچر ایک پرانے معاملے میں گرفتار کرلیا۔ سماجوادی پارٹی نے اسے بدلے کی کارروائی بتایا ہے۔ ایم ایل اے ناہید حسن نے بھی کہاہے کہ وہ اس ظلم و ستم کے آگے نہیں جھکیں گے۔ ناہید حسن کو کیرانہ ایس پی اور راشٹریہ لوک دل نے مشترکہ امیدوار اعلان کیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد مغربی یوپی میں الیکشن پر اثر پڑ سکتاہے۔

پولیس نے ناہید حسن کو عدالت میں پیش کیا جہاں انہیں عدالتی تحویل میں 14 دنوں کے لئے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

ناہید حسن پر پرانا گینگسٹر کیس تھا۔ اسی کیس میں وہ خودسپردگی کے لیے عدالت پہنچے تھے، لیکن اسی وقت انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ جب پولیس انہیں گرفتار کر کے لے جا رہی تھی تو انہوں نے میڈیا سے کہا کہ یوگی حکومت کا خاتمہ جلد ہوگا۔ اس کی جابرانہ پالیسی کے دن اب گنتی کے بچے ہیں۔ اس گرفتاری پر ناہید کے حامیوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس گرفتاری سے پتہ چلتا ہے کہ یوگی حکومت ایس پی اور آر ایل ڈی کے لیڈروں اور کارکنوں سے کس قدرخوفزدہ ہے۔ لیکن اب اس گرفتاری سے ناہید حسن کی جیت یقینی ہے۔ بی جے پی نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔

واضح رہے کہ کیرانہ سے رکن اسمبلی ناہید حسن اور سابق ممبر پارلیمنٹ اور ناہید کی والدہ تبسم حسن پر کیرانہ پولیس نے گینگسٹر سمیت کئی مقدمات قائم کر رکھے ہیں۔

You might also like