Baseerat Online News Portal

لتراہا میں عبدالرزاق ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے دفتر کا افتتاح

 

رفیع ساگر /بی این ایس

جالے۔ مقامی بلاک حلقہ کے لترہا گاؤں میں عبدالرزاق ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے ہیڈ آفس کا افتتاح اتوار کے روز سماجی رکن و سوسائٹی کے سکریٹری نذیر احمد انصاری نےکیا ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس سوسائٹی کے تحت دیہی سطح پر غریب بچے بچیوں کی تعلیم،خواتین کے صحت ،انسداد غربت اور ناخواندگی کے شعبے میں انقلابی تبدیلی لانے کے منصوبے پر کام ہوگا۔ وہیں سوسائٹی اپنے سطح پر ضرورت مند افراد کی مدد کرے گی جس سے یہاں کی عوام اس سوسائٹی سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش رہے گی کہ اس سوسائٹی کے ذریعہ ایسے خاندانوں کا جائزہ لیا جائے جو سماجی، تعلیمی معاشی اور اعتبار سے بالکل کمزور ہیں۔نذیر انصاری نے کہا کہ ہماری مہم کا آغاز یوم جمہوریہ یعنی 26 جنوری سے ہوگا۔مہم کے تحت انتہائی غریب اور کمزور لوگوں کا سروے کروانے کے بعد ان فہرستوں کو حکومت کے پاس بھیج کر ایسے لوگوں کی رہائش کے لئے 3 ڈسمل زمین یاپھر سرکاری معاوضے کی مانگ کی جائے گی۔

اس موقع پر نوجوان سماجی رکن توقیر احمد انصاری نے کہا کہ اس سوسائٹی کے ذریعے مزید نوجوانوں کو جوڑا جائے گا اور اس کی بہتری کے لیے کام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یقینا اس سوسائٹی سے علاقے میں ایک اہم تبدیلی آئے گی ۔اس موقع پرعبدالودود،مولانا عبدالقدوس انصاری ،منظور انصاری، خالد احمد، شیوجی مہتو اور توحید احمد انصاری موجود تھے۔

 

You might also like