Baseerat Online News Portal

سعودی عرب -تھائی لینڈ تعلقات: ولی عہدکی تھائی وزیراعظم سے ملاقات کے بعدمکمل سفارتی تعلقات کی بحالی کافیصلہ

آن لائن نیوزڈیسک
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں تھائی لینڈ کے وزیراعظم و وزیر دفاع جنرل برایوت چن اوچا نے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور تھائی لینڈ کے وزیراعظم نے سرکاری مذاکرات میں دونوں دوست ملکوں کی باہمی دلچسپی کے مفادات اور متعدد مسائل پر نکتہ ہائے نظر کا تبادلہ کیا ہے۔
اس موقع پر وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد ، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود، وزیر نیشنل گارڈز شہزادہ عبداللہ بن بندر، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد العیبان ، وزیر تجارت و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی اور وزیر افرادی قوت وسماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی معاونت کے لیے موجود تھے۔
تھائی لینڈ کی طرف سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، نائب وزیر اعظم و وزیر توانائی، وزیر محنت اور مملکت میں تھائی لینڈ کے ناظم الامور نے اپنے وزیراعظم کی معاونت کی۔
سعودی ولی عہد نے اپنے تھائی مہمان اور ان کے ہمراہ آئے وفد کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا۔ تھائی وزیر اعظم کو گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔
قبل ازیں ولی عہد کی دعوت پر تھائی وزیر اعظم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تو کنگ خالد انٹر نیشنل ایئرپورٹ ان کا استقبال نائب گورنر ریاض شہزادہ محمد بن عبد الرحمن بن عبد العزیز، وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی اور دیگر حکام کے علاوہ تھائی سفارتخانے کے عملے نے کیا۔
سعودی عرب اور تھائی لینڈ کا مشترکہ اعلامیہ
تھائی لینڈ کے وزیراعظم کے دورے کے اختتام پر مملکت اور تھائی لینڈ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق فریقین نےمکمل سفارتی تعلقات کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔ مملکت اور تھائی لینڈ مستقبل قریب میں اپنے سفرا نامزد کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔
فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ملک بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں میں ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی جاری رکھیں گے اور ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔
تھائی لینڈ کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ویانا معاہدے کے مطابق مملکت کے سفارتکاروں کے تحفظ کے پابند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ دوستانہ رشتوں کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور فریقین کے درمیان موجود تمام معلق مسائل نمٹانے کا خواہش مند ہے۔
تھائی وزیراعظم نے کہا کہ 1989 اور 1990 کے دوران تھائی لینڈ میں پیش آنے والے المناک واقعات پر افسوس ہے۔ افسوسناک واقعات سے متعلق نئے شواہد سامنے آنے پر مقدمات متعلقہ اداروں کے سامنے رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ فریقین دونوں ملکوں کے شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کے پابند تھے، ہیں اور رہیں گے۔
تھائی وزیراعظم نے گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی انیشیٹو پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔

You might also like