Baseerat Online News Portal

سعودی عرب:کامیاب کولونو سکوپی پر خلیجی ممالک کی قیادت کی طرف شاہ سلمان کو پیغامات

آن لائن نیوزڈیسک
خلیجی ممالک کی قیادت نے کامیاب کولونو سکوپی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کو مبارکباد پیش کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خلیجی قیادت نے شاہ سلمان کی جلد صحت یابی کی امید ظاہر کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے شاہ سلمان کو مکتوب روانہ کیا ہے جس میں انہوں نے کولونو سکوپی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
امیر قطر نے اپنے مکتوب میں شاہ سلمان کی جلد صحت یابی اور خیر وعافیت کی امید ظاہر کی ہے۔
اسی طرح کا مکتوب نائب امیر قطر شیخ عبد اللہ بن حمد آل ثانی اور وزیر اعظم ووزیر داخلہ شیخ خالد بن خلیفہ آل ثانی کی طرف سے بھی موصول ہوا ہے۔
دریں اثنا متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان نے بھی شاہ سلمان کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے شاہ سلمان کی خیریت دریافت کی ہے۔
امارات کے صدر نے اپنے مکتوب میں شاہ سلمان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے صحت و عافیت کی امید ظاہر کی ہے۔
اسی طرح کا مکتوب نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی طرف سے بھی موصول ہوا ہے جبکہ ولی عہد ابو ظبی شیخ محمد بن زاید نے بھی شاہ سلمان کے نام مکتوب روانہ کیا ہے۔
اسی طرح شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان القاسمی، ام القوین کے حکمران شیخ سعود بن راشد المعلا، راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی، الفجیرہ کے حکمران شیخ حمد بن محمد الشرقی اور عجمان کے حکمران شیخ شیخ حمید بن راشد النعیمی نے بھی مبارکباد کے پیغامات روانہ کیے ہیں۔
دوسری طرف بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے شاہ سلمان کے نام مکتوب روانہ کرتے ہوئے کامیاب کولونو سکوپی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے شاہ سلمان کے لیے لمبی عمر اور صحت اور عافیت کی دعا کی ہے۔
اسی طرح کا مکتوب بحرین کے ولی عہد شیخ سلمان بن حمد آل خلیفہ کی طرف سے بھی موصول ہوا ہے۔

You might also like