Baseerat Online News Portal

اے ایم پی کی جانب سے 21 مئی کو ملک بھر کے 100 شہروں میں روزگار میلہ کا انعقاد کیا جائے گا:ڈاکٹر تسکین اعظمی

18 سے 35 سال کی عمر کے نوجوان جو دسویں جماعت سے فارغ ہو چکے ہیں وہ اس روزگار میلہ میں حصہ لے سکتے ہیں ۔
دربھنگہ (محمد سلطان اختر)
ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز(اے ایم پی) کی جانب سے 21 مئی 2022 بروز ہفتہ کو ملک کے 100 شہروں میں روزگار میلہ کا انعقاد کیا جائے گا۔
اس بابت اے ایم پی کے ریاست بہار کے سیکریٹری نے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز (اے ایم پی) گزشتہ 14 سالوں سے ملک کے مختلف شہروں میں ایسے روزگار میلہ کا انعقاد کامیابی سے کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال اے ایم پی اپنی تعاون شدہ سماجی تنظیموں اور مختلف تعلیمی اداروں کے اشتراک سے ملک بھر کے 100 سے زائد شہروں میں ایک ساتھ میگا روزگار میلہ کا انعقاد آئندہ 21 مئی 2022 کو کرنے جارہا ہے جس سے ہزاروں نوجوان مستفید ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ دہلی میں اس روزگار میلہ کا انعقاد جامعہ ہمدرد اور بی ای بی کے مشترکہ تعاون سے جامعہ ہمدرد کیمپس دہلی میں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ان تینوں تنظیموں نے دسمبر 2021 میں پہلے ہی ایک اور سپر ہٹ میگا روزگار میلہ کا انعقاد کیا تھا جس میں ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ بہار کے پٹنہ ۔ دربھنگہ ۔ مظفرپور۔ بھاگلپور اور گیا میں روزگار میلہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے ساتھ ہی جھارکھنڈ کے رانچی ۔ برامبے ۔ جمشیدپور ۔ دھنباد اور ہزاری باغ میں بھی روزگار میلہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر تسکین اعظمی نے بتایا کہ ملک گیر روزگار میلہ میں طلبہ جو اپنی گریجویشن یا بورڈ کے دیگر امتحانات مکمل کر رہے ہوں گے اور اپنے خاندان کی مدد کے لیے نوکری کرنے کے خواہشمند ہیں، اے ایم پی نے اپنے وژن اور مشن کے مطابق ایسے طلبہ کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بینکنگ اور فنانس، ٹیلی کمیونیکیشن، ریٹیل، فیشن، فیسیلٹیز مینجمنٹ، سیکیورٹی اور بہت سے دوسرے شعبوں کے سرفہرست کارپوریٹ گھرانے روزگار میلہ میں حصہ لیں گے اور ان کی اہلیت یا تجربے کی بنیاد پر موزوں امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔
18 سے 35 سال کی عمر کے نوجوان جو دسویں جماعت سے فارغ ہو چکے ہیں وہ اس روزگار میلہ میں حصہ لے سکتے ہیں۔

You might also like