رانچی میں پولس بربریت کی بدترین مثال قائم ہوئی،جمعیۃ علماء ہند کے وفد کی مظاہرے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات، ہرممکن مدد کی یقین دہانی۔

نئی دہلی : رانچی میں توہین رسالت کے خلاف ہوئے مظاہرے پر پولس بربریت کا اندوہ ناک واقعہ پیش آیا جس میں ڈائریکٹ پولس فائرنگ کی وجہ سے دونوجوان شہید ہوگئے، نیز ایک درجن سے زائد زخمی ہیں۔ ان تمام حالات کا جائزہ لینے کے لیے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ کے وفد نے فساد زدہ علاقہ ہندپیڑھی اور گدڑی چوک وغیرہ کا دورہ کیا اورپولس فائرنگ میں شہید ہونے والے محمد مدثر اور محمد ساحل کے اہل خانہ سے ملاقات کی ۔اس وفد کی قیادت ناظم عمومی جمعیۃ علما ء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی نے کی ۔پندرہ سالہ محمد مدثر ہند پیڑھی محلہ کا رہنے والا تھا، جمعیۃ کے وفد نے اس کے والد پرویز عالم سے ملاقات کی اور صدر جمعیۃ مولانا محمود اسعد مدنی صاحب کی طرف سے تعزیت کی اور کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں جمعیۃ کے خدام ان کے ساتھ کھڑے ہیں ، گدڑی چوک پر ۲۲؍سالہ محمد ساحل کے والد محمد فضل بھی جمعیۃ کے وفد سے ملتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے ، ان کے ساتھ بھی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وفد نے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ۔وفد نے ہسپتال میں زیر علاج محمد صابر وغیرہ سے ملاقات کرنے کی کوشش کی ،لیکن پولس حصار کی وجہ سے ملاقات ممکن نہ ہوسکی۔