ہندوستان

شرعی قوانین قرآن وحدیث پرمبنی،بحث کی کوئی گنجائش نہیں،عدالتی مداخلت ناقابل قبول:مولانااحمدبخاری

شاہی امام نے مسلمانوں سے اپنے مسائل دارالقضاء میں لے جانے کی اپیل کی
نئی دہلی ، 17؍اپریل(بصیرت نیوزسروس)
شاہی امام مولاناسید احمدبخاری نے مسلم پرسنل لاء (شرعی قوانین) میں عدالتوں کی مداخلت کی کوشش پرناگواری ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ قرآن کریم ، حدیث اور شریعت پر کسی قسم کی بحث ناقابل قبول ہے کیونکہ ان امور کاتعلق مسلمانوں کے مذہبی عقائد سے ہے اور ہندوستان کا دستور مسلمانوں کو مکمل مذہبی آزادی کی ضمانت دیتاہے۔آج یہاں جاری ایک بیان میں مولانابخاری نے سوال کیاکہ پرسنل لاء میں عدالتوں کو مداخلت کا موقعہ کون فراہم کررہاہے ؟۔ انہوںنے کہاکہ یہ وہی لوگ ہیں جو شرعی قوانین کونظر انداز کرکے نکاح، طلاق، نان ونفقہ، ترکہ اور میراث سے متعلق مقدمات خود ان عدالتوں میں لے جاتے ہیں اور عدالتوں کو مسلم پرسنل لاء (شرعی قوانین) میںمداخلت کا موقعہ فراہم کرتے ہیں۔
مولانابخاری نے کہاکہ ہم خود ہی عدالتوں کو مداخلت کرنے کا موقعہ دے رہے ہیں، عدالتیں زبردستی ہمارے پاس نہیں آرہی ہیں بلکہ ہم عدالتوں میں جار ہے ہیں۔شرعی قوانین میں مداخلت روکنے کا واحد اور مؤثر طریقہ یہ ہے کہ جگہ جگہ دارالقضاء قائم کئے جائیں جہاں مسلمان اپنے معاملات لے کر جائیں اور شریعت کی روشنی میں ان کے فیصلے کئے جائیں اور جن مقامات پردارالقضاء کانظم نہ ہو ں وہاں مستند مفتیان کرام سے فتویٰ حاصل کرکے اس کے مطابق اپنے معاملات حل کریں۔انہوںنے کہاکہ اگر ہم اس مقصد میں کامیاب ہوجاتے ہیں توپھر مسلم پرسنل لاء میں کسی بھی قسم کی مداخلت کا کوئی خطرہ پیدانہیں ہوگا۔
یونیفارم سول کوڈ کا شوشہ باربار اٹھاکر مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے رویہ پراعتراض کرتے ہوئے مولانابخاری نے کہاکہ جب بھی یونیفارم سول کوڈ کا مسئلہ اٹھایاجاتاہے تو صرف مسلمانوں کو ہی کیوں نشانہ بنایاجاتاہے۔انہوںنے کہاکہ یہ ملک مختلف مذاہب ، مذہبی خاندانی روایات اور رسم ورواج پر مبنی عقائد پر عمل کرنے والوں کاہے لیکن یونیفارم سول کوڈ پر جب بھی کوئی بحث ہوتی ہے توصرف مسلمانوں سے ہی کیوں سوال کئے جاتے ہیں’’ آپ دیگر مذاہب کے لوگوں سے پوچھئے‘‘ مسلمانوں کااس بارے میں واضح موقف ہے کہ مسلم پرسنل لاء کاتعلق قرآن وحدیث اور شریعت سے ہے اور اس پر کسی قسم کی بحث کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker