Baseerat Online News Portal

پاکستان میں ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ۶؍ اعلیٰ فوجی افسران جاں بحق

اسلام آباد۔۲؍اگست: پاکستان میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوگیا ہے جس میں پاکستان فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر نے کورکمانڈر کوئٹہ سمیت۶ افسران و اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہیلی کاپٹرکاملبہ موسیٰ گوٹھ وندر لسبیلہ سے ملا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کور کمانڈر کوئٹہ سمیت۶افسران و اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسیٰ گوٹھ وندر لسبیلہ سےملا، ہیلی کاپٹر کے حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت افسران جاں بحق ہوگئے ہیں۔میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں میں میجر جنرل امجد حنیف ،بریگیڈیئر محمد خالد ، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے ڈی جی کوسٹ گارڈ میجرجنرل امجد حنیف کے سوگواران میں اہلیہ ، بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے کمانڈرانجینئر ۱۲کور بریگیڈیئرمحمدخالد کے سوگواران میں اہلیہ ، تین بیٹیاں اور تین بیٹے جبکہ لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے پائلٹ میجر سعید احمد کے سوگواران میں اہلیہ ،ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔پائلٹ میجرمحمد طلحہ منان کے سوگواران میں اہلیہ اور دو بیٹے شامل ہیں جبکہ چیف نائیک مدثر فیاض کا تعلق نارووال سے ہے۔خیال رہے ہیلی کاپٹرلسبیلہ میں سیلاب سےمتعلق امدادی کارروائیوں پرتھا اور فلڈ ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کی جا رہی تھی۔واضح رہے کہ پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گزشتہ رات لا پتا ہوا تھا ، ہیلی کاپٹر کا لسبیلہ میں دوران پرواز ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوا۔

You might also like