Baseerat Online News Portal

نائب وزیر اعلی یوپی برجیش پاٹھک کا ندوۃ العلماء کااچانک دورہ !

مولانا سید رابع حسنی ندوی سے خصوصی ملاقات ، ہر گھر ترنگا مہم کی باز گشت

لکھنؤ۔۵؍اگست (سعید ہاشمی )اقلیتی امور وزیر اترپردیش دانش آزاد انصاری کا حالیہ دنوں عالمی شہرت یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم ندوۃ العلما ء ڈالی گنج لکھنؤ کا دورہ کرنے کے بعد گذشتہ روز شام نائب وزیر اعلی اترپردیش برجیش پاٹھک نے بھی ندوہ پہنچ کر ادارہ کے ناظم مولانا سید رابع حسنی ندوی اور مہتمم ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی سے ملاقات کی اور مولانا حسنی کی مزاج پرسی کی اور خصوصی دعائوں کی درخواست کی ۔وہیں نائب وزیر اعلی کی ندوہ کی آمد کی اس خبر سے چہ مئی گوئیوں کا بازارگرم ہوگیا ہے ۔حالانکہ برجیش پاٹھک نے واضح طور پر اس ملاقات کو خیرسگالی اور ذاتی قراردیتے ہوئے کہاکہ وہ ندوہ بزرگوں کی خیریت دریافت کرنے اور دعائیں لینے کی غرض سے ندوہ حاضرہوئے تھے۔قابل ذکر ہے کہ دینی درسگاہوں میں سیاسی سورمائوں اور حکومت کے ذمہ داران لیڈران کی آمد کی وجہ سے چہ می گوئیوں اور صوبے کی سیاست گرم رہتی ہے ۔اس سے قبل اقلیتی امور وزیر برائے اوقاف وحج دانش آزاد انصاری بھی دارالعلوم ندوۃ العماء حاضر ہوکر اکابرین ندوہ سے دعائیں لے چکے ہیں ۔اور ادارے میں برسراقتدار پارٹی کے لیڈران کی ملاقات اور مزاج پرسی کی خبر کوئی نئی نہیں ہے ۔تاہمی اقلیتی طبقہ اور سیاسی حلقہ اس کے کئی معنی نکال رہے ہیں ۔برجیش پاٹھک نائب وزیر اعلی اترپردیش نے مولاناسید رابع حسنی ندوی سے قیام گاہ پر ملاقات کی اس دوران ندوہ کے مہتمم ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ، ناظرم عام مولانا سید بلال حسنی ندوی ودیگر علماء موجود رہے ۔بتاتے چلیں اترپردیش کی موجودہ بی جے پی سرکار کی جانب سے سال رواں ہدایت نامہ جاری کر مدارس ، کالجوں اور تربیتی اداروں میں آئندہ ۱۱ اگست سے لیکر ۱۷ اگست ۲۰۲۲؁ تک ہر گھر ترنگا اور آزادی ہفتہ کے طور پرمنانے جانے والی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تعاون مانگنے کے تناظر میں اس ملاقات کو دیکھاجارہاہے ۔اس لئے کہ گذشتہ روز وزیر مملکت دانش آزاد انصاری نے جامعہ سید احمد شہید کٹولی کا بھی دورہ کیا تھا اور ذمہ داران میں مولانا یوسف حسینی سے ملاقات کراقلیتوں کی فلاح وبہبود کی خاطر اہم مشوروں کے ساتھ آزادی کا امرت مہوتسو کو کامیاب بنانے اور اقلیتوں کیلئے حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیموں سے راست طور پر فائدہ اٹھانے کی اپیل کی تھی ۔

You might also like