Baseerat Online News Portal

پانچ اگست جموں و کشمیر کے لئے یوم ِ سیاہ ہے: محبوبہ مفتی

سری نگر۔۵؍اگست:  پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ پانچ اگست کا دن جموں وکشمیر و ملک کے لئے ایک کالا دن ہے کیونکہ اسی دن غیر آئینی طور پر ہماری خصوصی پوزیشن چھین لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ملک کے آئین کی دھجیاں اڑالی گئی جس نے ہمیں یہ جھنڈا اور آئین دیا تھا۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ آ ج کا دن ملک اور جموں وکشمیر کے لئے یوم سیاہ ہے کیونکہ اسی دن غیر آئینی طور ہماری خصوصی پوزیشن کو ہم سے چھین لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے اس آئین کی دھجیاں اڑا لی گئیں جس نے ہمیں یہ جھنڈا اور آئین دیا تھا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ اس وقت جب ایسا ہوا ملک کے لوگ خاموش رہے بلکہ کچھ لوگوں نے جشن منایا۔ انہوں نے کہاکہ میں ملک کے لوگوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ جو ترنگا آج لوگ شان سے لہراتے ہیں یہ لوگ اس کو بدل کر آپ کے ہاتھوں میں بھگوا جھنڈا دینا چاہتے ہیں پھر آپ ہوش میں آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ملک کو مذیب کی بنیادوں پر تقسیم کرکے ایک مذہبی ملک بنایا چاہتے ہیں۔ موصوفہ نے کہا کہ ہم نہ صرف جموں وکشمیر سے چھینی گئی خصوصی پوزیشن واپس لائیں گے ،بلکہ کشمیر مسئلے جس کے لئے لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں، ملک کے جوانوں نے شہادتیں دیں، کے حل کے لئے بھی ان لوگوں کو مجبور کریں گے۔

You might also like