ہندوستان

مغربی بنگال میں تیسرے مرحلے کی پولنگ 80فیصد ووٹنگ کے ساتھ اختتام پذیر

کولکاتہ ، ۲۱؍اپریل: (یواین آئی) مغربی بنگال میں تیسرے مرحلے 62اسمبلی حلقوں میں آج شام 6پولنگ ختم ہوگئی ہے ۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق شام 6 بجے تک 80فیصد پولنگ ہوئی ہے ، مگر یہ حتمی اعداد و شمار نہیں ہے ، بعد میں اس میں اضافہ یا پھر کمی ہوسکتی ہے ۔مرشدآباد کے دومکل اسمبلی حلقہ جہاں سے سی پی ایم کے سینئر لیڈر و سابق ریاستی وزیر انیس الرحمن امیدوار ہیں کے پولنگ ایجنٹ کو گولی مارکر ہلاک کردیا گیا ہے ۔انیس الرحمن نے دعویٰ کیا کہ اس کے پیچھے ترنمول کانگریس کے ورکروں کا ہاتھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کئی بوتھوں پر ترنمول کانگریس کے ورکروں نے قبضہ کرلیا ہے ۔شام چار بجے تک مرشدآباد میں 70.32فیصد، ندیا ضلع میں 68.62فیصد ، بردوان میں 68فیصد اور کلکتہ میں 55فیصد ہوئی تھی۔تین بجے تک الیکشن کمیشن کو 2000کے قریب شکایتیں ملی تھیں ۔جس میں بیشتر ترنمول کانگریس کے ورکروں کے خلاف تھی ۔دریں اثناء حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے شمال مشرقی کولکاتہ میں با اثر لیڈر انور حسین خان کو الیکشن کمیشن کے خلاف متنازع بیان دینے کی وجہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔اس سے قبل ڈپٹی پولس کمشنر (نارتھ)سونکر سنہا سرکار کے ذریعہ انور حسین کے گھر پر چھاپے مارنے کے بعد انہیں فرار قرار دیدیا گیا تھا۔پولس نے انور کو گرفتار کرنے کیلئے کئی مقامات پر چھاپے مارے مگر بعد میں دمدم روڈ کے سیون ٹینک سے گرفتار کرلیاگیا۔الیکشن کمیشن نے انور حسین کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔انور خان کاشی پور ، بیل گچھیا اسمبلی حلقہ جہاں آج پولنگ ہوئی ہے میں اقتدار کا غلط استعمال کرنے میں مشہور ہیں ۔وہ پہلے سے ہی الیکشن کمیشن کی خصوصی نگرانی میں تھے ۔کلکتہ پولس کمشنر سومن مترا کی ہدایت کے بعد سرکاری کی قیادت میں انور کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ترنمول کانگریس کے لیڈر انور حسین نے الیکشن کمیشن کو گالی دی تھی ۔انور نے ٹی وی چینل پر بات کرتے کہا تھا کہ ’’الیکشن کمیشنر کے منھ پر جوتا مارنا چاہیے۔اس مرحلے میں جن اہم امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے ان میں ریاستی وزیر ششی پانجا، ریاستی وزیر سادھن پانڈے، پانچ مرتبہ سے ممبر اسمبلی محمد سہراب ، بی جے پی کے قومی سیکریٹری راہل سنہا ، سابق آئی پی ایس افسر نذرالاسلام، سابق ریاستی وزیر انیس الرحمن، کانگریس کے سینئر لیڈر سومن مترا وغیرہ شامل ہیں ۔کانگریس کے ریاستی صدر ادھیر رنجن چودھری نے الزام عاید کیا ہے کہ پولس اور مرکزی فورسیس ترنمول کانگریس کے اشارے پر کام کررہی ہے ۔مرشدآباد کے رگھوناتھ گنج کے مرزا پور میں جعلی ووٹنگ ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے پریزائڈنگ آفیسر کو برطرف کردیا ہے ۔جب کہ ندیا کے کلیانی میں تشدد کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker