ہندوستان

جامعہ رحمانی کے قدیم مبلغ مولوی محمد اسلام رحمانی کا اندور میں انتقال

خانقاہ رحمانی سے بڑے گہرے مراسم تھے:مولاناولی رحمانی
مونگیر24مئی-جامعہ رحمانی کے قدیم مبلغ مولوی محمد اسلام صاحب رحمانی منگل ۲۴؍ مئی کو صبح۴؍ بجے مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں حرکت قلب بند ہوجانے کے بعد مالک حقیقی سے جا ملے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ وہ تقریباً ۱۸؍ سالوںسے جامعہ رحمانی کے شعبہ تبلیغ وتنظیم سے جڑے تھے، اس دوران انہوں نے جامعہ رحمانی کی بڑی خدمت کی، وہ صوبہ مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور گجرات وغیرہ میںجامعہ رحمانی کی مالیات کی فراہمی کا کام کرتے تھے۔یہ انکی خوش قسمتی ہے کہ دین کی راہ میں خدمت کرتے ہوئے۔ان کی روح نکلی، ان کی لاش ان کے آبائی وطن کھگڑیا (ترونا) لائی جارہی ہے، جہاں ان کی تدفین عمل میں آئے گی۔انہوںنے اپنے پیچھے سات بیٹیاں اور چار بیٹے چھوڑے ہیں۔
ان کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ رحمانی کے سرپرست مفکراسلام امیر شریعت حضرت مولانامحمد ولی صاحب رحمانی نے کہا کہ مولوی محمد اسلام صاحب رحمانی نے اپنی صلاحیت سے زیادہ خدمت کی، وہ بڑے مخلص خادم تھے۔جامعہ رحمانی کے لیے دیوانہ وار لگے رہتے اور خوب محنت کرتے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کی خدمت قبول کرلی، اس لیے انہوں نے دین کی خدمت کرتے ہوئے، جان جاں آفریںکے سپرد کردی۔ حضرت رحمانی نے کہا کہ ان کا اور ان کے گھروالوںکاجامعہ رحمانی، خانقاہ رحمانی، امیر شریعت حضرت مولانا منت اللہ صاحب رحمانی اور خود مجھ سے گہرے مراسم تھے،یہاں کی ایک آواز پر وہ ہمہ وقت لبیک کہنے کے لیے تیار رہتے تھے، ان کی خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا ہے، اللہ تعالیٰ ان کے انتقال سے جامعہ رحمانی کو جو کمی ہوئی ہے، دور فرمادے، جوار رحمت میں جگہ دے،اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔(آمین)اس موقعہ پرحافظ امتیازرحمانی نے کہاکہ مولوی محمداسلام صاحب برسوں انجمن حمایت ا سلام دلاورپورمونگیرمیں امام رہے۔جہاں میرے والدصاحب سے ان کے قریبی تعلقات تھے۔ان کے علاوہ مولاناعبدالسلام رحمانی،مولانارضی احمدرحمانی اورمولاناظفرعبدالرئوف رحمانی سمیت دیگرمخلصین نے بھی تعزیت کااظہارکیاہے۔جناب مولوی محمد اسلام صاحب رحمانی کے انتقال کی خبر جیسے ہی جامعہ رحمانی آئی، ماحول سوگوار ہوگیا، یہاں امتحان چل رہا تھا، اگلاامتحان روک کر ان کے لیے بعد نماز ظہر ختم قرآن اور ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا،جس میں جامعہ رحمانی کے طلبہ، اساتذہ، منتظمین، کارکنان اورخانقاہ رحمانی کے واردین وصادرین نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker