Baseerat Online News Portal

ماہ صیام کا آغاز پیرکو، روزے30 ہوں گے،سعودی ماہر فلکیات

ہم ایک دن کیا ایک گھنٹہ قبل بھی چاند کی روئیت کی 100 فی صد پیشن گوئی نہیں کرسکتے، صرف اندازہ لگا سکتے ہیں،عرب ٹی وی سے بات چیت
الریاض۔یکم جون(یواین این )سعودی عرب کے ایک ماہر فلکیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مملکت میں 1437ھ کے اسلامی سال کا پہلا روزہ 6 جون بروز پیرکوہوگا جب کہ اس سال رمضان المبارک 30 ایام پر مشتمل ہوگا۔ماہر فلکیات ڈاکٹر عبداللہ المسند نے عرب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان دنوں سب سے زیادہ سوال ماہ صیام کے آغاز کے بارے میں پوچھا جاتا ہے، زندگی کی بعض پیچیدگیوں، سفری تیاریوں، سیٹوں کی بکنگ، مختلف سماجی مواقع اور اجتماعات کے پیش نظر لوگ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آیا رمضان المبارک کب شروع ہوگا اور آخری روزہ کب ہوگا۔روئیت ہلال کے بارے میں پیش گوئی کرتے ہوئے ڈاکٹر المسند کا کہنا تھا کہ ہم ایک دن کیا ایک گھنٹہ قبل بھی چاند کی روئیت کی 100 فی صد پیشن گوئی نہیں کرسکتے۔ صرف اندازہ لگا سکتے ہیں۔ ہمارے قیاس اور اندازے کے مطابق شعبان 29 یوم کا ہوگا اور سوموار 6 جون کو ماہ صیام کا پہلا دن (روزہ) ہوگا۔ اسی طرح ہمارے قیاس کے مطابق اس سال ماہ صیام 30 دنوں کا ہوگا اور عیدالفطر بدھ 6 جولائی کو ہوگی۔قبل ازیں کویتی ماہر فلکیات صالح العجیری نے اپنے ایک مضمون میں لکھا تھا کہ رواں سال ماہ صیام 6 جون سے شروع ہوگا۔ ان کے خیال کے مطابق ماہ صیام کا چاند اتوار کی صبح 10 بج کر 59 منٹ پر پیدا ہوگا اور آسمان میں اس کی روئیت غروب آفتاب کے 17 منٹ بعد تک دیکھی جاسکے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام مسلمان اور عرب ممالک میں پہلے دن کا چاند 34 منٹ تک دیکھا جاسکے گا۔ اسی طرح کویت میں سال کی سب سے طویل رات بدھ 22 جون کی ہوگی۔ اس روز روزے کا دورانیہ 15 گھنٹے 37 منٹ کا ہوگا اور دوسرے روزے تک وقفہ 8 گھنٹے اور 23 منٹ کا ہوگا۔

You might also like