Baseerat Online News Portal

مسجد اقصیٰ میں ماہ صیام کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں

گرمی کی شدت کم کرنے کیلئے سائبان نصب کردیئے گئے
مقبوضہ بیت المقدس ۔یکم جون(یواین این ) مسجد اقصیٰ میں ماہ صیام کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ مسجد کی اندرونی صفائی کیساتھ ساتھ اس کے صحن میں دن کے اوقات میں گرمی کی شدت کم کرنے کیلئے سائبان نصب کئے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ بات مسجد اقصیٰ کے انتظامی امور کے ڈائریکٹر الشیخ عمر الکسوانی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ بعد ازاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے الشیخ الکسوانی نے کہا کہ انتظامی کمیٹی نے مسجد اقصیٰ کے صحن، مسجد المروانی کے صحت، قبہ الصخرہ اور مشرقی سمت میں مسجد القبلی کے صحنوں میں سائبان نصب کیے ہیں تاکہ دن کے اوقات میں مسجد میں آنیوالے روزہ داروں اور نمازیوں کو شدید دھوپ اور گرمی میں سایہ فراہم کیا جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں الشیخ الکسوانی نے کہا کہ مسجد میں آنیوالے نمازیوں اور روزہ داروں کی خدمت کیلئے خواتین اور مردوں کی الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ماہ صیام کے دوران قبلہ اول کیساتھ تعاون کرنیوالے اداروں میں بیت المقدس میں قائم المقاصد ہسپتال، ہلال احمر فلسطین، نوران آرگنائزیشن، عرب مرکز صحت اور کئی دیگر ادارے بھی پیش پیش ہیں جو کسی بھی ہنگامی حالت میں نمازیوں اور روزہ داروں کی مدد کریں گے۔ ہلال حمر فلسطین کی ایمبولینسیں ہمہ وقت مسجد اقصیٰ کے باب الاسباط کے باہر کھڑی رہیں گی۔ ماہ صیام کے دوران خواتین کیلئے ٹھنڈے پانے کے حصول کی خاطر 70مقامات مختص کئے گئے ہیں۔ مسجد القبلی، قبہ الصخرہ وار مسجد المروانی میں ہنگامی ڈسپنسریوں کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ مرد حضرات کیلئے پانی کے 200 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ جہاں سے وہ ٹھنڈا پانی حاصل کر سکتے ہیں۔ مسجد اقصیٰ میں دینی تعلیمات اور شہریوں کی دینی رہنمائی کا بھی مکمل بندوبست کیا گیا ہے۔ نمازیوں اور روزہ داروں کی دینی تعلیمات سے متعلق رہنمائی کیلئے الشیخ عمر الحلبی کی ذمہ داری لگائی گئی ہے جو نماز فجرکے بعد درس قرآن دینگے اس کے علاوہ نماز ظہر اور عصر کے بعد بھی علماء کرام کے دروس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مسجد اقصیٰ میں اعتکاف کا اہتمام 15 رمضان المبارک سے کیا گیا ہے۔ مسجد المروانی میں مرد حضرات اعتکاف کریں گے جبکہ خواتین معتکفین کیلئے پرانی مسجد مختص کی گئی ہے۔ ماہ صیام کے آخری عشرے میں مسجد اقصیٰ میں اعتکاف بیٹھنے کیلئے آنے والوں میں برطانیہ اور جنوبی افریقا کے مسلمان بھی شامل ہوں گے۔ مسجد اقصیٰ میں با جماعت نماز تراویح کا اہتمام ہو گا اور یومیہ قرآن پاک کا ایک پارہ تراویح میں تلاوت کی جائیگی۔

You might also like