Baseerat Online News Portal

اسرائیل ، ترکی کے درمیان مفاہمتی معاہدے کا فارمولہ تیار: عبرانی ٹی وی

مقبوضہ بیت المقدس ۔۲؍جون: (مرکز اطلاعات فلسطین) اسرائیل کے عبرانی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ترکی اور اسرائیل کے درمیان تعطل کا شکار تعلقات کی بحالی کے لیے دونوں ملکوں کے مابین مصالحتی فارمولے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔اسرائیل کے عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی 10 نے اپنی رپورٹ میں سفارتی ذرائع کےحوالے سے بتایا ہے کہ ترکی اور اسرائیل پانچ سال سے تعطل کا شکار سفارتی تعلقات بحال کرنے کے فارمولے پر متفق ہو گئے ہیں۔ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے ترکی میں حماس کے نمائندہ دفترکو ختم کرنے کا مطالبہ واپس لے لیا ہے۔عبرانی ٹی وی کی رپورٹ پر ترکی اور اسرائیل کی جانب سے سرکاری سطح پر کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ٹی وی رپورٹ میں سفارتی ذریعے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور ترکی کے مابین دو طرفہ معاہدہ جلد ہی منصہ شہود پر آ جائے گا۔اس سلسلے میں جلد ہی دونوں ملکوں کے مندوبین بھی آپس میں براہ راست مذاکرات کریں گے۔ خیال رہے کہ ترکی اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات سنہ 2010ءکو اس وقت تعطل کا شکار ہوئے تھے، جب اسرائیل نے ترکی سےغزہ کی پٹی کے محصورین کے لیے امداد لے کر آنے والے بحری جہاز مرمرہ پر حملہ کر دیا تھا۔ اس حملے میں دس ترک رضاکار شہید اور پچاس سے زاید زخمی ہو گئے تھے۔

You might also like