ہندوستان

ذاکر نائک نے ٹائمز ناؤ اور ارنب گوسوامی پر 500 کروڑ کی ہتک عزت کا نوٹس بھیجا

ممبئی، ۲۹؍جولائی: (بی این ایس) اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائک نے نیوز چینل ٹائمز ناؤ اور اس کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی کو500 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا نوٹس بھیجا ہے ۔ گزشتہ دنوں میڈیا کی طرف سے اپنی شبیہ خراب کرنے کے الزام میں ٹائمز ناؤ اور ارنب گوسوامی پر ذاکر نائک نے ہتک عزت کا دعوی دائر کیا ہے۔ ذاکر نائک کے وکیل مبین سولکر کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں چینل پر مذہبی منافرت پھیلانے اور نائک اور مسلم کمیونٹی کے مذہبی جذبات کو بھڑکانے کا الزام لگایا ہے ۔ نوٹس میں لکھا ہے گوسوامی نے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ ذاکر نائک فی الحال بیرون ملک ہیں ان کے خلاف بہت ساری ایجنسیاں اسلامی اسٹیٹ سے وابستہ دہشت گردوں کو ڈھاکہ میں حملہ کرنے کے لئے اکسانے کے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ الزام لگنے کے بعد سے نائک ہندوستان نہیں آئے ہیں اور ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میڈیا سے بات کی ہے۔ انہوں نے میڈیا پر ٹرائل چلانے کا الزام لگایا ہے تاہم انہوں نے پہلی بار کسی نیوز چینل کو نوٹس بھیجا ہے۔ واضح رہے کہ ڈھاکہ حملے سے منسلک کچھ دہشت گرد ذاکر نائک کی تقریر سے متاثر تھے اس کے بعد سے ذاکر نائک پر شکنجہکس گیا تھا۔ گزشتہ دنوں کیرالہ پولیس اور مہاراشٹر اے ٹی ایس نے ذاکر نائک کے ساتھی ارشد قریشی کو گرفتار کیا تھا قریشی نائک کی تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کا گیسٹ ریلیشن آفیسر ہے۔ آئی آر ایف پر سعودی عرب سے پیسے لینے کا الزام بھی ہے ساتھ ہی یہ بھی الزام ہے کہ اس رقم کے ذریعے وہ تبدیلی مذہب کا کام کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker