ہندوستان

مجلہ وحدۃ الامہ دارالمنظومہ کی انڈیکس میں شامل

دارالمنظومہ عالمی معیار تحقیق کا ایک عظیم ادارہ ہے، جس کی انڈیکس میں شامل ہونے کے لئے لوگوں کو سالوں لاکھوں جتن کرنے پڑتے ہیں: ڈاکٹر ابواللیت
دیوبند30جولائی(پریس ریلیز) ایشیاء کی عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند کے شعبہ بحث و تحقیق سے عالمی معیار تحقیق کے مطابق شائع ہورہے مجلہ وحدۃ الامہ اس وقت پوری دنیا سے مقبولیت اور پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ مجلہ وحدۃ الامہ ایک ششماہی مجلہ محکمہ ہے، جس کی ہیئۃ استشاریہ میں پوری دنیا کے ممتاز باحثین شامل ہیں، ان حضرات کی تائید و توثیق کے بعد اس مجلہ میں اشاعت کے لئے مقالہ قبول کیا جاتا ہے۔ یہ مجلہ حجۃ الاسلام اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا ڈاکٹر محمد شکیب قاسمی کی ادارت میں عالمی معیار و مناہج تحقیق کے مطابق معیاری انداز میں بہ تسلسل شائع ہورہا ہے۔ عالم اسلام اور عالم عرب میں یہ مجلہ نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ اس مجلہ کی بڑھتی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے عالم عرب کا ممتاز تحقیقی ادارہ ’’دارالمنظومہ‘‘ جو کہ باحثین و محققین کو اہم علمی مواد فراہم کرتا ہے۔ اس ادارہ نے اس مجلہ کو اپنے انڈیکس میں شامل کرنے کی اجازت طلب کی۔ مجلہ کے مدیر مولانا ڈاکٹر محمد شکیب قاسمی نے بتایا کہ دارالمنظومہ سے انڈیکس میں شامل کرنے کی درخواست موصول ہوئی، جس پر غور و فکر کے بعد ان کو اجازت دیدی گئی اور مجلہ وحدۃ الامہ دارالمنظومہ کی انڈیکس میں شامل بھی ہوگیا ہے۔ مجلہ وحدۃ الامہ کی اس عظیم مقبولیت پر عالم اسلام خصوصاً عالم عرب سے بے شمار تہنیتی پیغامات موصول ہورہے ہیں۔ الاتحاد العالمی لعلماء المسلمین کے جنرل سکریٹری شیخ ڈاکٹر محی الدین القراداغی نے اپنے مکتوب پیغام میں مجلہ وحدۃ الامہ کی پذیرائی کرتے ہوئے مجلہ کے مدیر مولانا ڈاکٹر محمد شکیب قاسمی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وحدۃ الامہ نے بہت کم مدت کے اندر اپنے اعلیٰ معیار کی بناء پر پورے عالم اسلام میں ایک خاص مقبولیت حاصل کرلی ہے۔ ملیشیاء انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ابواللیث صاحب نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ دارالمنظومہ عالمی معیار تحقیق کا ایک عظیم ادارہ ہے، جس کی انڈیکس میں شامل ہونے کے لئے لوگوں کو سالوں لاکھوں جتن کرنے پڑتے ہیں، تب کہیں جا کر یہ ادارہ اس کو قبول کرتا ہے، لیکن مجلہ وحدۃ الامہ نے صرف تین سال کے اندر عالم اسلام میں وہ مقام بنایا کہ دارالمنظومہ نے اس مجلہ کو اپنی انڈیکس میں شامل کرنے کی درخواست پیش کی۔ یہ اس مجلہ کی عظیم مقبولیت کی واضح علامت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker