Baseerat Online News Portal

پانامہ لیکس معاملہ؛ پاکستانی سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ آگیا

اسلام آباد:28؍اکتوبر(بی این ایس) سپریم کورٹ نے پانامہ لیکس کے معاملے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکل دے دیا۔عدالت نے یکم نومبر کی سماعت سے پہلے ہی تین رکنی بینچ تبدیل کر کے لارجر بینچ تشکیل دیا ہے۔
سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ کی سربراہی چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کریں گے۔ لارجربینچ کے دیگر ججز میں جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس امیر ہانی مسلم، جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں۔
سپریم کورٹ نے بیس اکتوبر کو ابتدائی سماعت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف، حسن نواز،حسین نواز، مریم نواز اور اسحاق ڈارسمیت اٹارنی جنرل، چیئرمین نیب اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔ عدالت کی جانب سے کیس کی آئندہ سماعت یکم نومبر کو مقرر کی گئی تھی، تاہم سماعت سے تین روز قبل تین رکنی بینچ کو تبدیل کر کے لارجز بینچ قائم کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں عمران خان اور شیخ رشید نے وزیراعظم نوازشریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نااہل قرار دینے جبکہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور طارق اسد ایڈووکیٹ نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔
عدالت نے معاملہ پارلینٹ کو بھجوانے اور پاکستان تحریک انصاف کا دو نومبر کا دھرنا روکنے کیلئے دائر وطن پارٹی کی درخواستیں ابتدائی سماعت میں ہی خارج کر دی تھیں ۔

You might also like