Baseerat Online News Portal

پاکستان میں زہریلی شراب پینے سے کم از کم سات افراد ہلاک

’’بتایا جاتا ہے کہ جہلم کی کرسچیئن کالونی مقامی طور پر شراب تیار کرنے کے لیے پورے علاقے میں ‘بدنام ہے۔‘‘
اسلام آباد:28؍اکتوبر(بی این ایس)پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں “زہریلی شراب” پینے سے کم ازکم سات افراد موت کا شکار ہوگئے ہیں۔
شائع شدہ اطلاعات کے مطابق کرسچیئن کالونی میں جمعرات کو دیگر گئے ایک شادی کی تقریب میں ان لوگوں نے شراب پی تھی جس کے بعد اچانک ان کی طبعیت بگڑ گئی۔
جمعہ کی صبح تک ان متاثرہ لوگوں میں سے سات کی موت واقع ہوگئی جب کہ چند ایک اب بھی اسپتال میں ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ جہلم کی کرسچیئن کالونی مقامی طور پر شراب تیار کرنے کے لیے پورے علاقے میں بدنام ہے۔
پاکستان میں اس سے قبل بھی شراب پینے سے متعدد ہلاکتوں کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔
مسلم اکثریتی آبادی والے اس ملک میں قانونی طور پر شراب کی خریدوفروخت ممنوع ہے اور یہ صرف خصوصی اجازت ناموں کے ذریعے غیرمسلموں کے لیے دستیاب ہے۔ لیکن یہاں غیرقانونی طور پر شراب تیار کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اکثر ایسے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں کہ مقامی سطح پر تیار کی جانے والی شراب پی کر لوگ موت کے علاوہ طبی پیچیدگیوں کا بھی شکار ہوتے رہے ہیں۔
ایک روز قبل ہی سندھ ہائی کورٹ نے پورے صوبے میں شراب کی فروخت کے لیے قائم دکانوں کو بند کرنے کا حکم دیا تھا جس پر غیر مسلم پاکستانیوں کی طرف سے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم دیکھنے میں آیا۔

You might also like