Baseerat Online News Portal

راولپنڈی میں تونیٹ پریکٹس تھی اصل میچ تو2 نومبرکوہوگا:عمران خان

اسلام آباد:29؍اکتوبر(بی این ایس)
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کل راولپنڈی میں نیٹ پریکٹس تھی، اصل میچ تو دو نومبر کو ہوگا۔ کارکنوں کو ہدایت کی کہ آپ نے گرفتاریاں نہیں دینی۔ بیس ہزار لوگ بھی یہاں آجائیں توسونامی کے جنون کے آگے ناکافی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بنی گالا رہائشگاہ سے باہر آکر کارکنوں سے ملاقات کی ۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دو نومبر کے دھرنے سے پہلے آج نکالی جانے والی وارم اپ ریلی منسوخ کرنے کے بعد اسلام آباد پہنچنے والے کارکنوں کی بڑی تعداد عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہے۔
بنی گالا میں عمران خان چوک پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ دو نومبر سے قبل کسی نے گرفتاری نہیں دینی، کارکن پولیس اور ایف سی کے ہاتھ نہ آئیں۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ سب کو پیغام پہنچا دیں کہ عمران خان چوک سے بنی گالا نہ آئیں ورنہ ایف سی اور پولیس عدالتی احکامات کے باوجود پکڑ کر جیلوں میں ڈال دے گی۔
انہوں ںے کہا کہ اگربیس ہزار لوگ بھی یہاں آجائیں تو سونامی کا جنون نہیں روک سکیں گے۔ دونومبرکوساری رکاوٹیں توڑکراپنی منزل پر پہنچیں گے۔ کارکنوں آپ نے گرفتاریاں نہیں دینی۔ عدالتی احکامات کے باجود یہاں جمہوریت نہیں بلکہ نواز شریف کی ڈکٹیٹر شپ ہے۔
کپتان کا کہنا تھا کہ کارکن دو نومبرتک زیادہ سے زیادہ تعداد میں بنی گالا رہائشگاہ کے باہر جمع ہو جائیں، ان کے کھانے پینے کا بھرپورانتظام کیا گیا ہے ، یہاں ہمارا تندور چل رہا ہے۔ سب کو کھانا ملےگا۔
ذرائع کے مطابق کپتان نے بنی گالا کی رہائشگاہ سے باہر آکر عمران خان چوک پر خطاب کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا کہ کتنے ایف سی اہلکار اور پولیس یہاں تعینات ہے۔ کپتان اس حوالے سے پارٹی کی سینیئر قیادت سے مشاورت کریں گے جو کہ بنی گالا میں ہی موجود ہے۔ اس حوالے سے مشاورتی اجلاس میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

You might also like