ہندوستان

مجرمانہ کاموں پرپردہ پوشی کی بجائے خاطیوں کوسخت سزادی جائے:مولانامحمودمدنی

میانمار کے راخین صوبہ میں سیکوریٹی فورسز کی طرف سے مسلم خواتین کی عصمت دری پر تشویش کا اظہار
نئی دہلی،۲۹؍اکتوبر(ایجنسی)جمعیۃ علماء ہندکے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے میانمار کے راخین صوبہ میںملک کی سیکوریٹی فورسز کی طرف سے درجنوں مسلم خواتین کی عصمت دری اور دیگر انسانی حقوق کی مسلسل پامالی پر تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے عالمی برادری سے مداخلت کی اپیل کی ہے اور نو منتخب جمہوری حکومت کی سرپرست آنگ سان سوکی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان مجرمانہ اعما ل کی پردہ پوشی کے بجائے بین الاقوامی اداروں کو متاثرین تک رسائی دے اور خاطیوں کو سخت سزا دی جائے ۔ مولانا مدنی نے کہا کہ حقوق انسانی سے منسلک اداروں کی جانب سے سامنے آنے والی یہ رپورٹ میانمار میں طویل مدت سے جاری انسانی بحران، غیر قانونی طور سے قتل ، قید ، گھرو ں کو جلادینے اور فوج کی د یگر وحشیانہ حرکتوں کے تسلسل کا حصہ ہے جس کی وجہ سے وہاں سے لاکھوں انسان آج ہندستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں دردر بھٹکنے پر مجبور ہیں ۔مولانا مدنی نے کہا کہ میانمار میں تقریبا ایک سال قبل جمہوری حکومت کے قیام سے یہ امید پیدا ہوئی تھی کہ وہاں کی مسلم اقلیت ایک آزاد اور محفوظ زندگی کا آغاز کر پائے گی ، لیکن بظاہر کسی قسم کی تبدیلی نہیں ہوئی ہے بلکہ سیکوریٹی کے نام پر پورے راخین صوبے کو فوج نے یرغمال بنا رکھا ہے اور حقوق انسانی کے اداروں اور امداد رساں تنظیموں کو وہاں جانے سے روکا جارہا ہے ۔مولانا مدنی نے کہا کہ محترمہ سوکی نے عالمی برادری کو یقین دلایا تھا کہ وہ روہنگیا کے مظلوم انسانوں کو انصاف دلائیں گی ، اس لیے میرا مطالبہ ہے کہ ان کی سرکارفوجی مظالم و نا انصافی کا سلسلہ فوری طور سے بند کرائے اور مظلوم ،غریب و لاچار میانمار کی مسلم اقلیت کو آزاد شہری زندگی جینے کا حق دے۔مولانا مدنی نے یواین ، عالمی برادری کو متوجہ کیا کہ وہ وہاں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے موثر اقدام کریں۔خاص طور سے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے کی بااثر طاقت ہونے کی بنیاد پر اپنے حصے کا کردار ادا کرے اورسارک ممالک کے سربراہوںکے سامنے یہ قضیہ پوری قوت سے اٹھا کراس کا تشفی بخش حل ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker