ہندوستان

نائب صدر جمہوریہ کے ہاتھوں مرکز المعارف کی مطبوعات کا اجراء

علماء کوانگریزی زبان سے آراستہ کرنامرکزالمعارف کاایک انقلابی کارنامہ:حامدانصاری
نئی دہلی13دسمبر

نائب صدر جمہوریہ ہند عالی جناب حامد انصاری نے اپنی رہائش گاہ پر مرکز المعارف کی حالیہ تین مطبوعات (1- Prophet Muhammad’s Life: An Introspection on Present Day Conditions 2- Common Mistakes among Muslims 3- The Elevation of Woman in Islam) کا اپنے ہاتھوں سے اجراکیا۔ مرکز کے طریقۂ تعلیم اور اس کی حصولیابیوں کاذکرکرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے مولانا بدرالدین اجمل صاحب کی مساعی کوبھر پور سراہا اور ان کاانقلابی کارنامہ قرار دیا۔ اجرا کی اس پُرقار تقریب میں مرکز المعارف کے صدر اور آسام کے ڈھوبری حلقے سے لوک سبھا ایم پی مولانا بدر الدین اجمل،مولانا برہان الدین قاسمی ڈائرکٹر مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سنٹر، مفتی عبید اللہ قاسمی اسسٹنٹ پروفیسر ذاکر حسین دہلی کالج، مفتی محمد اللہ قاسمی کوآرڈی نیٹر انٹرنیٹ ڈپارٹمنٹ دارالعلوم دیوبنداور مولانا منظر بلال قاسمی پرسنل سکریٹری مولانا بدر الدین اجمل کے علاوہ مذکورہ کتابوں کے مصنف/ مترجم مولانا مدثر احمد قاسمی، مولانا توقیر احمد قاسمی اور مولانا حفظ الرحمن قاسمی نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سنٹر مولانا بدر الدین اجمل اور اجمل فیملی کے جانب سے وسیع پیمانے پر جاری مختلف الجہات دینی، ملی اور سماجی خدمات (Ajmal CSR) کا ایک حصہ ہے جو نہ صرف یہ کہ پچھلے بائیس سالوں سے فضلائے مدارس کی ایک بڑی تعداد کو انگریزی زبان و ادب اور جدید سائنسی علوم سے آراستہ کر کے انسانی برادری کے ارتقا اور استحکام کے لیے ایک عظیم سرمایہ فراہم کرنے میں مصروف ہے، بلکہ مختلف دینی، ملی اور سماجی موضوعات پر ترجمے اور تحقیق کے ذریعے انگریزی زبان میں معتدل، وقیع اور قابل اعتماد لٹریچر تیار کرنا بھی اس کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ چنانچہ اب تک مرکز المعارف کے پلیٹ فارم سے سو سے زائد کتابیں نشر ہو چکی ہیں۔ لیکن اب اس مقصد کی تکمیل کے لیے مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سنٹر نے دہلی کی علمی و فکری سر زمین پر باضابطہ اپنا برانچ قائم کیا ہے جس کے تحت منصوبہ بند طریقے سے انگریزی زبان میں دینی اور سماجی لٹریچر تیار کیا جا رہا ہے۔ مندرجہ بالا کتابیں اسی پروگرام کا ایک حصہ ہیں۔
اول الذکر کتاب(Prophet Muhammad’s Life: An Introspection on Present Day Conditions) مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سنٹر کے استاد مشہورکالم نگارمولانا مدثر احمد قاسمی کی تصنیف ہے جس کا اردو ورژن (رسول اکرم کی عملی زندگی اورہم: کتنے دور کتنے پاس) پہلے ہی شائع ہو کر قارئین سے داد تحسین حاصل کرچکا ہے۔ اس کتاب میں مصنف نے سماجی اور عائلی زندگی سے متعلق رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے معمولات کو پیش کر کے موجودہ طرز زندگی کا ان سے موازنہ پیش کیا ہے۔ اپنی نوعیت کی یہ منفرد کتاب ہے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے موجودہ سماجی اور عائلی مسائل کا کامیاب حل پیش کرتی ہے۔
دوسری کتاب(Common Mistakes among Muslims) در اصل حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی کی معروف زمانہ تصنیف اغلاط العوام کا ترجمہ ہے۔ اس کتاب میں مسلمانوں کے درمیان دین کے نام پر رائج غلط رسوم و معتقدات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کو انگریزی زبان کا جامہ دارالعلوم دیوبند کے موقر استاد مولانا توقیر احمد قاسمی نے پہنایا ہے۔ مترجم موصوف نے بڑی عرق ریزی کے ساتھ اس کتاب کا کامیاب انگریزی ترجمہ پیش کیا ہے۔ امید ہے کہ مولانا تھانوی کے علوم و معارف کو انگریزی داں حلقے تک پہچانے میں یہ کتاب اہم کردار ادا کرے گی۔ تیسری کتاب(The Elevation of Woman in Islam) مولانا عبد الصمد رحمانی نائب امیر شریعت امارت شرعیہ، پٹنہ کی مایہ ناز تصنیف(اسلام میں عورت کا مقام) کا انگریزی ترجمہ ہے۔ ترجمے کا کام ریسرچ اسکالر مولانا حفظ الرحمن قاسمی نے انجام دیا ہے۔ اس کتاب میں مصنف نے دینی، ملی، سماجی، معاشی، سیاسی اور عائلی امور میں اسلام کے ذریعے دیے گئے عورتوں کے صحیح مقام و مرتبے کے تعین کی سنجیدہ کوشش کی ہے اور جذباتیت یا جانب داری سے اوپر اٹھ کر ایک محققانہ مطالعہ پیش کیا ہے۔ امید ہے کہ آج کے افراط و تفریط کے دور میں خواتین کے صحیح مقام کی تفہیم میں یہ کتاب معاون ثابت ہوگی۔ اس تقریب میں نائب صدر جمہوریہ کے سامنے مرکز المعارف کے اغراض و مقاصد کے علاوہ زیر طباعت دیگر کتابوں کا تعارف بھی پیش کیا گیا۔ نائب صدر محترم نے مرکز کی ہمہ جہت سرگرمیوں اور خدمات پر مسرت واستعجاب کا اظہار کرتے ہوئے مندرجہ بالا کتابوں کی مشمولات، زبان اور پیش کش کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ مرکز کی جانب سے شائع ہونے والی کتابیں علم و فکر کے میدان میں وقیع اضافے کے ساتھ ساتھ محققین اور ریسرچرس کے لیے بھی معاون ثابت ہوں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker