Baseerat Online News Portal

غزہ کے نمازی مسلسل پانچواں جمعہ قبلہ اول میں ادا کرنے سے محروم

غزہ : 13؍جنوری(بی این ایس؍ایجنسی)صہیونی فوج کی طرف سے عاید بلا جواز پابندیوں کے نتیجے میں غزہ کے شہری مسلسل پانچواں جمعہ قبلہ اول میں ادا کرنے سے محروم رہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں شہری امور سے متعلق کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی انتظامیہ کی طرف سے عاید کردہ پابندیوں کےنتیجے میں آج پانچویں جمعۃ المبارک کو غزہ کے شہری مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائی سے محروم رہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی انتظامیہ کی طرف سے نام نہاد بحران پیدا کرکے غزہ کے عوام کو قبلہ اول میں حاضری سے روکنے کی سازش کی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ ایک ماہ سے زاید عرصے سے اسرائیلی فوج نے غزہ کے شہریوں کے جمعہ کی نماز میں مسجد اقصیٰ آنے پرپابندی عاید کردی تھی۔ یہ پابندی غیرمعینہ مدت کے لیے عاید کی گئی ہے۔شہری امور کے شعبہ اطلاعات کے انچارج محمد المقادمہ کا کہنا ہے کہ صہیونی حکام کی طرف سے نام نہاد دعوؤں کی آڑ میں غزہ کے عوام کو قبلہ اول میں جانے اور نماز کی ادائی سے روکا جا رہا ہے۔

You might also like