Baseerat Online News Portal

مسالک سے بالاتر ہوکر اتحاد پیدا کریں

صفا بیت المال کے سالانہ اجلاس سے مولانا سید سلمان حسینی ندوی کا کلیدی خطاب
حیدرآباد۔۶؍فروری: (بی این ایس) امت کے اندر اتحاد پیدا کرنا اور تمام مسالک و مذاہب سے بالا تر ہوکر نہ صرف اتحاد پیدا کرنا،آپسی تعلقات کو بہتر بناتے ہوئے انسانیت کی بنیاد پر خدمتِ خلق کے فریضہ کو انجام دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ، ان خیالات کا اظہارصفا بیت المال کے سالانہ جلسۂ عام سے خطیب العصر حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندوی صاحب رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈنے کیا، مولانا نے عوام الناس کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے فرمایاکہ مسلمان اپنی زندگیوں میں قرآن مجید اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ کو اختیار کریں، برائیوں اور اسراف سے بچیں ، امت آج مال و دلت کے نشہ میں چور شادی بیاہ میں اور اپنی خواہشات میں فضول خرچیوں میں مصروف ہے ، اگر دو تین بڑی شادیوں کے صرفہ کو یکجا کرلیا جائے تو اسکول و کالجس قائم کیے جاسکتے ہیں ، بڑے بڑے دواخانے چلائے جاسکتے ہیںجس میں غریب بیماروں کی رعایت کے ساتھ علاج و معالجہ کیا جاسکتا ہے ، ؛ لیکن افسوس ہے کہ آج امت کے اندر سے انسانیت کا درد ختم ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ایک مظلوم انصاف کا متقاضی وکیل کے پاس پہنچتا ہے اور اسی طرح ایک بیمار شدید بیماری میں دواخانہ پہنچتا ہے تو پہلے اس کی حاجت برآری کے بجائے پہلے ہی فیس طلب کی جاتی ہے ، یہ کہاں کی انسانیت ہے ؟؛ حالانکہ انسانیت کا تقاضہ ہے کہ پہلے مظلوم کو حق دلایا جائے اور شدید بیماری میں مبتلا مریض کا علاج کیا جائے ، جو جذبہ یکسر ختم ہوچکا ہے ، مولانا نے فرمایا رفاہی اقدامات میں اسکولوں ، یونیورسٹی اور دیگر اداروں میں تعلیم پانے والے طلبہ اور محروم طبقات پر اپنے مال کو خرچ کیا جائے اور اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے زندگی میں تبدیلی لانے ، برائیوں سے اپنے آپ کو اور معاشرہ کو بچانے کی مختلف طرح کی تدابیر و صورتیں اختیار کریں، قرآن و سنت پر عمل کرنے ، خدمتِ خلق کے جذبہ کو پروان چڑھانے اور اس میں استطاعت کے مطابق حصہ لینے اور انسانیت کے علمبردار بننے کی اپیل کی۔ اور صفا بیت المال کی خدمات کو سراہا اور ذمہ داران کو مبارکباد پیش کیا، اس کے علاوہ مرکزی صدر مولانا غیاث احمد رشادی نے عوام الناس سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی تلقین کی اور اتحادِ ملت کے ساتھ ہم اس ملک میں رہیں گے تو دنیا کی کوئی طاقت ایسی نہیں ہے جو اس طاقت کو توڑ سکے اور اس ملک میں مسلمان جب خدمتِ خلق کا فریضہ انجام دیں گے اسلام کی صحیح تصویر اغیار کے سامنے جائے گی، مولانا نے خاص طور پر ہندوستان بھر سے آئے ہوئے شاخوں کے ذمہ داران و اراکین کو یہ تلقین کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں اتحاد کے ساتھ ساتھ جذبۂ خدمت کو فروغ دینے کی ترغیب دی۔اخیر میں عارف باللہ حضرت مولانا شاہ محمد جمال الرحمن صاحب مفتاحی صدر جلسہ نے صدارتی خطاب کیا جس میں مولانا نے کارکنانِ صفا بیت المال اور خدمتِ خلق سے وابستہ افراد کے لیے فرمایا کہ اخلاص ، اتحاد ،استقامت اور ایثار ان چار چیزوں کو اپنے اوپر لازم کرلواس کے علاوہ مہمانانِ خصوصی مفتی عبد المغنی مظاہری صاحب صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد، حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش ، حامد محمد خان امیر جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ آندھرپردیش واڑیسہ ، مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش ، حافظ خواجہ نذیر الدین سبیلی ناظم جامعہ عائشہ نسوان حیدرآبادنے اپنے اپنے تاثرات بیش کرتے ہوئے خدمت و خلق و اتحادِ ملت کا پیغام دیا، اس موقع پر شاخوں کے ذمہ داران اور تمام مہمانانِ خصوصی کو تحائف دئیے گئے نیز مولانا سید سلمان حسینی ندوی ، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی صاحب کی خدمت میں مومنٹوز پیش کیے گئے، قاری عبد اللہ کلیمی صاحب کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا، معروف نعت گو شاعر مولانا نعیم اختر راہی صاحب نے ہدیہ نعت پیش کیا، مولانا محمد فصیح الدین ندوی صاحب جنرل سکریٹری صفا بیت المال نے خطبہ استقبالیہ پیش کیااور مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب سکریٹری صفا بیت المال نے نظامت کے فرائض انجام دئیے اور اخیر میں مرکزی صدر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، صدر جلسہ کی دعاء پر اجلاس ختم ہوا۔

You might also like