Baseerat Online News Portal

پروفیسر خالد محمود اعلیٰ ادبی، تہذیبی اور انسانی قدروں کا استعارہ :پروفیسر شہپر رسول

’بزم دوستاں‘ کی جانب سے ’ایک شام، پروفیسرخالد محمود کے نام‘انعقاد پذیر
نئی دہلی ، 6؍ فروری

پروفیسر شہزاد انجم کی تحریک پر بزم دوستاں کے سلسلے کی دوسر ی محفل ’ایک شام، پروفیسر خالد محمود کے نام‘پروفیسر شہپر رسول کی صدارت میں برپا ہوئی۔ اس موقع پر صدر محفل نے پروفیسر خالد محمود کو اعلیٰ ادبی، تہذیبی اور انسانی قدروں کا استعارہ قراردیتے ہوئے فرمایا کہ پروفیسر خالد محمود ایک بھر پور زندگی، پرانی قدروں سے لبریز شخصیت اور اعلیٰ اخلاق واقدار کی پاسداری کا نام ہے ۔اپنے گھر پر اس بزم کو آراستہ کرنے والے پروفیسر شہزاد انجم نے گلدستے سے پروفیسرخالد محمودکا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ میں خالد محمود کی شخصیت کو اعلیٰ ترین انسانی صفات حسنہ کا ایک زندہ عجائب خانہ تصور کرتا ہوں۔ ڈاکٹر سہیل احمد فاروقی نے اپنی دیرینہ جذباتی رفاقت کے حوالے سے کہا کہ خالد محمود ایک بھر پور آدمی ہیں جنہوں نے بھر پور زندگی گزاری ہے اور ان کی شخصیت بھی نہایت رنگا رنگ ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد مبشر نے منظوم خراج تحسین پیش کیا۔ محفل میں موجود ریسرچ اسکالرس نے پروفیسر خالد محمود کو اپنا محسن مربی اور مثالی معلم قرار دیتے ہوئے ان کی بے پناہ شفقتوں ، فیاضیوں اور وضع داریوں کا مفصل ذکر کیا۔ پروفیسر خالد محمود نے اپنے نام اس شام کو محبتوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے از راہ انکسار کہا کہ میں نے اردو کی کوئی خدمت نہیں کی بلکہ اردو نے میری خدمت کی ہے۔خوبصورت جذبات واحساسات سے لبریز اس حسین شام میں پروفیسرخالد محمود، پروفیسر شہپررسول اور ڈاکٹر سہیل احمد فاروقی نے اپنی غزلوں سے بھی محفل کو لالہ زار کیا۔

You might also like