ہندوستان

پوسٹل پیپر ووٹنگ کی سہولت سے ۱۵؍ہزار طلبہ مدارس اسلامیہ محروم

سرکاری ملازمین کو 8فروری سے 11فروری تک پوسٹل پیپر بیلٹ ووٹنگ کی سہولت مہیا کرائی جاچکی ہے
دیوبند۔۹؍فروری: (رضوان سلمانی) الیکشن ڈیوٹی میں مامور سرکاری ملازمین کو بھلے ہی پوسٹل پیپر ووٹنگ کی سہولت ملی ہوئی ہو لیکن دیوبند شہر کے مختلف اسلامی اداروں میں تعلیم حاصل کررہے ریاست کے مختلف اضلاع کے ہزاروں طلبہ اس سہولت سے محروم ہیں، 7مراحل میں ہونے والے ووٹنگ کے لئے ڈیوٹی پر جانے والے سرکاری ملازمین کو 8فروری سے 11فروری تک پوسٹل پیپر بیلٹ ووٹنگ کی سہولت مہیا کرائی جاچکی ہے لیکن دارالعلوم ، وقف دارالعلوم، جامعہ امام محمد انور شاہ، دارالعلوم زکریا، جامعۃ الشیخ جیسے بڑے اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کی مجموعی تعداد تقریباً پندرہ ہزار ہے ۔تعلیم حاصل کررہے طلباء کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعہ ووٹ دینے کی سہولت نہ دیئے جانے سے اس مرتبہ بھی طلبہ ووٹنگ سے محروم رہیں گے ۔ انتظامیہ کے ذریعہ بھلے ہی 100فیصد ووٹنگ کے لئے بیداری مہم زور وشور سے چلائی جارہی ہو لیکن 7مراحل میں ہونے والے انتخاب میں اسلامک تعلیم اداروں کے ہزار وں طلبہ اوراساتذہ ووٹ ڈالنے سے محروم رہیں گے ۔ اسلامک اداروں کے پہلے 5مراحل والے علاقوں کے رہنے والے طلبہ کو ووٹنگ کے لئے اپنے گھروں کو جانے کی اجازت نہیں ملے گی حالانکہ پنجاب میں ہوئے اسمبلی انتخاب کے دوران بھی پنجابی طلبہ ووٹ ڈالنے کے لئے اپنے گھروں کو نہیں جاسکے تھے حالانکہ ملک میں پوسٹل بیلٹ کا نظام رکھا گیا ہے لیکن تعلیمی اداروں نے ابھی تک ریٹرننگ آفیسر سے پوسٹل بیلٹ کا انتظام کرنے کو نہیں کہا ہے ، اب 11فروری سے یوپی میں 7مراحل میں اور ریاست اتراکھنڈ میں 15فروری کو ایک مرحلے میں ہی پولنگ ہونی ہے۔ دارالعلوم دیوبندکے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کے ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے ان سے اس سلسلے میں کوئی گفتگو نہیں ہوسکی ہے اور دارالعلوم دیوبند کے کسی بھی عہدے داران نے اس سلسلہ میں گفتگو کرنا مناسب نہیں سمجھا حالانکہ ایک ملازم نے نام نہ شائع کرنے کی شرط پر بتایا کہ ادارہ کو پوسٹل بیلٹ سے ووٹنگ سے تعلق سے زیادہ معلومات نہیں ہے ان کے مطابق اگر طلبہ نے اس سلسلہ میں انتظامیہ سے گفتگو کی تو انتظامیہ اس کی معلومات ضرور کرے گا، اس سلسلہ میں قلم کار کمل دیوبند ی نے کہا کہ اس سلسلہ میں مدارس کی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ الیکشن کمیشن سے رجوع کرے اور ان کی ہدایات کے مطابق عمل کرتے ہوئے طلبہ کو پوسٹل ووٹ ڈالنے کا حق دلائیں، تبھی الیکشن کمیشن کا 100فیصد ووٹ ڈالنے کا نعرہ اور کوشش کامیاب ہوگی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker