ہندوستان

اتحاد امت کی کوشش کے تحت احمد آباد سے جمعیۃ علما ء نے اپنی مہم کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا

احمد آباد/ نئی دہلی ۔۱۱؍ مارچ(پریس ریلیز) اجمیر شریف میں چندماہ قبل اتحاد امت کی کوشش کے تحت مختلف طبقات سے وابستہ علما ء اور مشائخ کو ایک پلیٹ فارم پر لانے والی تنظیم جمعیۃ علماء ہند نے ایک بار پھر بھج( گجرات) میں منعقد ایک کانفرنس میں مشترک مسائل میں ملی اتحاد کے لیے اپنی مہم کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ آج عظمت اولیاء کانفرنس منعقدہ جامعہ عربیہ ناگور روڈ بھج میںمختلف مسالک سے وابستہ علماء اور عوام کی موجودگی میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی اور حاجی سیّد واحد حسین چشتی انگارہ شاہ گدّی نشین آستانۂ عالیہ وسیکریٹری، انجمن خدامِ خواجہ صاحب سیّد زادگان درگاہ اجمیر شریف نے اپنے خطاب میں مشترکہ طور سے اس پیغام کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر کچھ خطہ کی تین عظیم بزرگ شخصیات حضرت حاجی پیر شاہ زکریا، حضرت شاہ محمد پناہ ؒاور حضرت شاہ محمد مراد بخاری ؒ کی خدمات وتعلیمات پر ایک کتاب کی رسم اجراء عمل میں آئی ، نیز صوفیاء کرام کی خدمات وتعلیمات کی روشنی میں محبت اور خدمت خلق کے جذبے پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی۔اس کانفرنس کی صدارت جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے فرمائی،مولانا مدنی نے دین اسلام کے فروغ میں اولیاء کرام کی قربانیوں کا تفصیل سے ذکر کیا اور کہا کہ اللہ کے ولی دلوںکو جوڑنے کی بات کرتے ہیں ۔ اس موقع پر مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند نے جمعیۃ علماء ہند کی تاریخ و روایات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور مشترک ملی مسائل میں اتحاد امت کی جد وجہد کے گوشوں پر بات کی ۔اس کانفرنس میں پورے خطہ سے بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی اور جمعیۃ کے اس مہم کی نعروں سے تائید کی ، اجلا س میں جمعیۃ علماء کے مختلف علاقوں سے ذمہ داران بھی شریک ہوئے ۔اس کے علاوہ اس اجلاس کے شرکاء میں مولانا غلام رسول مہتمم جامعہ عربیہ ناگور ، حاجی نور محمد رائما،مولانا شریف ، مولانا محمو د رادھن پور، مفتی عارف کالوپور،مولانا ابراہیم ادیہ، حافظ بشیر احمد، مولانا ابراہیم کروڈ،حاجی عبدالرزاق ، حاجی اسمعیل، مولانا شریف ، مولانا ابودجانہ ،مولاناساجد، مولانا الیاس،الطاف بھائی ،ماسٹر سلیم ، مولانا سلمان ، حافظ ابوبکر وغیرہم کے نام خاص طور سے قابل ذکر ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker