ہندوستان

مودی کی عوامی مقبولیت سے اترپردیش میں کامیابی ملی

رام مندر پارٹی کے ایجنڈے میں ہمیشہ شامل رہی:فڑنویس
ممبئی، 11مارچ (یواین آئی)ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش اوراتراکھنڈ میں ہونے والے اسمبلی الیکشن میں بھارتیہ جنتاپارٹی کی شاندار کامیابی کی وجہ سے ہندوستان بھر میں بی جے پی کے حوصلہ بلند ہیں اور جشن کا سماں ہے ۔اس موقع پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اسے عوام کی جیت قراردیا ہے اور کہا ہے کہ یہ وزیراعظم نریندرمودی کی عوامی مقبولیت کا نتیجہ ہے اور شمالی ہند خصوصی طورپر یوپی کے نتائج نے اسے ثابت کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکز میں گزشتہ ڈھائی سال کے دوران مودی کی قیادت میں عوامی فلاح وبہبود اور ترقی کے لیے جو اقدامات کیے ہیں جس پر عوام نے بھروسہ کیا اور یہی وجہ ہے کہ یوپی میں زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے۔فڑنویس نے اس کی سہرا مودی اور پارٹی صدرامت شاہ کے سرباندھتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت پرلوگوں نے بھروسہ کیا ہے اور نومبر کی نوٹ بندی کے باوجودیہ کامیابی نصیب ہوئی ہے کیونکہ عوام نے سمجھ لیا ہے کہ مودی سرکار اوربی جے پی کی حکومتیں غریبوں کے لیے کام کررہی ہیں۔انہوں نے شیوسینا کے ترجمان سنجے راؤت کے اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے مطالبہ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ سنجے راؤت کو پتہ ہونا چاہئے کہ رام مندر ہمیشہ بی جے پی کے ایجنڈے میں شامل رہا ہے اور انہیں اس کا بھی علم ہونا چاہیے کہ رام مندر تو 1992میں تعمیر ہوچکا ہے ،صرف ایک شاندارمندر کی تعمیر باقی ہے اور وہ ضرور پوار ہوگا۔فڑنویس نے کانگریس پر بھی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس جلد ٹکڑوں میں تقسیم ہوجائے گی کیونکہ اس میں تنظیمی صلاحیت نہیں بچی ہے اور اس کا انجام پر پہنچا لازمی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker