Baseerat Online News Portal

یوپی میں بی جے پی کی جیت پراور ایم آئی ایم کی ہار پر اسدالدین کی عوام کو مبارک باد

ڈاکٹر عمار رضوی نے بی جے پی کی فتح کا استقبال کیا
سب کا ساتھ سب کا وکاس کا نعرہ دینے والی بی جے پی نے مسلمانوں کو جان بوجھ کر نظر ا نداز کیا : مجیدمیمن
حیدر آباد / ممبئی / لکھنؤ ۔۱۱؍مارچ: مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے اتر پردیش کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے فیصلہ کے احترام کرتے ہیں۔ اویسی نے کہا کہ اتر پردیش اسمبلی الیکشن کے نتائج یہ ثابت کرتے ہیں کہ مسلم ووٹ بینک در حقیقت ایک مفروضہ ہے۔ اسد نے کہا کہ ان نتائج سے یہ الزام بھی غلط ثابت ہوا کہ مجلس ووٹ کاٹنے والی جماعت ہے ، کیونکہ مجلس نے صرف 38 نشستوں پر امیدوار اتارے تھے ۔انہوںنے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ وہ الکٹرونک ووٹنگ مشین کی کارگردگی پر مایا وتی کی شکایت کا نوٹس لے ۔ واضح رہے کہ مجلس اتحاد المسلمین کو یوپی اسمبلی انتخابات میں ایک بھی سیٹ پر کامیابی نہیں ملی ہے۔ آل انڈیا مائنارٹیز فورم کے صدر اور کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر عمار رضوی نے بی جے پی کی فتح کا استقبال کیا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ اتحاد کی شکست کو اراکین کی نہیں بلکہ کانگریسی قیادت کی شکست سے تعبیر کرتے ہوئے ان لوگوں سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے، جنہوں نے اتر پردیش میں کانگریس کی باگ ڈور سنبھال رکھی تھی۔ انہوں نے غلام نبی آزاد اور راج ببر سمیت کئی لیڈروں سے استعفی کا مطالبہ کیا ۔وہیں این سی پی لیڈراور رکن راجیہ سبھا مجید میمن نے اتر پردیش میں بی جے پی کی شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی نے کسی مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا اور بی جے پی سے کوئی مسلم امیدوار اسمبلی نہیں پہنچا ۔ ایسے میں بی جے پی اترپردیش کے مسلمانوں کے مسائل کا حل کس طرح کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ سب کا ساتھ وکاس کا نعرہ دینے والی بی جے پی نے مسلمانوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا ہے۔

You might also like