ہندوستان

دو فریقوں کے درمیان تصادم، ایک کی موت

حالات کشیدہ، موقع پر پولس تعینات، ملزم جیل رسید
دیوبند۔۱۴؍مارچ: (دانیال فیروز خان) چھوٹے بچوں کے معمولی جھگڑے نے دو فریقوں کے درمیان ہونے والی آمنے سامنے کی فائرنگ میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جبکہ ایک خاتون سمیت دو افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ ڈاکٹروں نے زخمیوں کے انتہائی نازک حالت دیکھتے ہوئے ابتدائی میڈیکل ایڈ دینے کے بعد ہائر سینٹر ریفر کردیا۔ پولیس نے تحریر کی بنیاد پر حملہ آور کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے۔ کشیدہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے موقع پر پولیس تعینات کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محلہ روی داس مارگ کے باشندہ راجندر اور سندیپ فریق کے درمیان بچوں کے معمولی جھگڑے کے دوران ہونے والی تلخ کلامی کے بعد دونوں فریق ایک دوسرے کے سامنے آگئے۔ اِسی درمیان سندیپ اور اس کے ساتھیوں نے راجندر فریق پر فائرنگ شروع کردی۔ گولی لگنے سے راجندر کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ گیتا اور پروین شدید طور پر لہو لہان ہوگئے۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی کوتوالی انچارج چمن سنگھ چاؤڑا مع پولیس فورس کے موقع پر پہنچ گئے اور حالات کو کنٹرول کرنے کے بعد پولیس نے زخمیوں کو علاج کے لئے دیوبند کے سرکاری اسپتال میں بھیجا اور راجندر کی لاش کو اپنے قبضہ میں لے لیا اور پنچنامہ بھرکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ دوسری جانب سرکاری اسپتال کے ڈاکٹروں نے زخمیوں کے نازک حالت دیکھتے ہوئے ابتدائی میڈیکل ایڈ دینے کے بعد ہائر سینٹر ریفر کردیا۔ روی داس مارگ پر خونی تصادم ہونے اور کھلے عام فائرنگ ہونے سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس نے دونوں فریقوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے مد نظر پولیس فورس کو تعینات کردیا گیا۔ سی او نریندر سنگھ رانا نے بتایا کہ دونوں فریقوں کے بچوں کے درمیان ہونے والے معمولی جھگڑے نے دیکھتے ہی دیکھتے خونی تصادم کی شکل اختیار کرلی جس کے نتیجہ میں راجندر کی موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس فائرنگ کے اصل ملزم سندیپ کو گرفتار کرلیا ہے اور تحریر کی بنیاد پر دفع 302، 307، 504، 506، 323 اور 317 عائد کرنے کے بعد جیل رسید کردیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker