شعروادب

امریکہ سے آئے شاعر نوشہ اسرار کے اعزاز میں جلسہ

رانچی ْ یکم نومبر: امریکہ کے شہر ہیوسٹن سے تشریف لائے اردو کے معروف شاعر ڈاکٹر نوشہ اسرار کے اعزاز میں، انجمن جمہوریت پسند مصنفین ، رانچی کی جانب سے ایک شاندار جلسہ منتھن کانفرنس ہال رانچی ،میں گزشتہ 25 ؍ اکتوبر 15 کو مشہور شاعر شوق جالندھری کی صدارت میں منعقد کیا گیا ۔ اس موقع پر انجمن کے روح رواں ایم زیڈ خان نے نوشہ اسرار کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ نوشہ اسرار کی اپنے ملک میں تشریف آوری ہم لوگوں کے لئے باعث مسرت ہے۔ آج ہم ان کی شاعر ی سے نہ صرف لطف اندوز ہونگے ، بلکہ عرصہ تک انھیں یاد رکھینگے ۔ یو ٹیوب پر ویسے تو انھیں دیکھنے اور سننے کا موقع ملتا ہی رہتا ہے ، لیکن آج براہ راست ان کی شاعری سے روبرو بھی ہونگے ۔ اس مختصر تعارف کے بعدنوشہ اسرار کے تازہ شعری مجموعہ ’’دل سے دل تک‘‘ کی رسم اجرأ کے لئے رانچی یونورسٹی کے وائس چانسلر اور مشہور ادیب ونقاد ڈاکٹر ش اختر سے گزارش کی گئی ۔ ایم زیڈ خان کی گزارش پر ڈاکٹر ش اختر نے ڈائس پر تشریف فرما صدر جلسہ شوق جالندھری، ڈاکٹر نوشہ اسرار ، ایم زیڈ خان اور مہمان اعزازی ، اردو کے مقبول افسانہ نگار اور صحافی ڈاکٹر سید احمد قادری کے ساتھ مل کر ’’دل سے دل تک‘‘ کا رسم اجرأ کیا ۔ اجرأ کے بعدڈاکٹر ش اختر نے فرمایا کہ شاعر وہ ہوتا ہے ، جو اپنے تجربات کو لفظ و معنیٰ عطا کرتا ہے ، اور شاعر کے احساسات کا ترجمان بن کر لوگوں کے دلوں میں جگہ بنا لیتا ہے ۔ اس موقع پر انھوںنے ملک کے عصری حالات کے پیش نظر فیض احمد فیض کی کئی نظمیں بھی سنائیں۔ ان کے بعدمہمان اعزازی ڈاکٹر سید احمد قادری نے ڈاکٹر نوشہ اسرار سے اپنے دیرینہ تعلقات اور امریکہ میں ملاقات کے ساتھ ساتھ نوشہ اسرار کی شاعری اور ان کے تازہ شعری مجموعہ ’’دل سے دل تک ‘‘ پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ نوشہ اسرار کی شخصیت قابل تقلید اس لحاظ سے بھی ہے کہ وہ جب تک سائنس کے طالب علم رہے ، اپنے والد کی ہدایت پر عمل کرتے رہے کہ پڑھائی کے دوران شاعر واعر مت بن جانا ۔ تعلیم مکمل ہونے اور امریکہ میں سائنسداں کی حیثیت سے برسر روزگار ہو جانے کے بعد ہی اپنی شاعر ی کی ڈائری نکالی ۔ ڈاکٹر سید احمد قادری نے مذید بتایا کہ اپنی شاعری میں نوشہ اسرار اپنے سائنسی تجربات کو جس خوبصورتی سے پروتے ہیں ، وہ قابل تعریف ہے ۔ ڈاکٹر قادری نے نوشہ اسرار کی ایک نظم ’’خالی بوتل ‘‘ کا بطور خاص ذکر کیا ، جس میں مسلمانو ں کی زبوں حالی کو بڑے ہی دلچسپ اور تاریخی تناظر میں بھرپور شاعرانہ عظمت کے ساتھ پیش کیا گیاہے ۔ ساتھ ہی ساتھ انھوں نے نوشہ اسرار کی کئی خوبصورت غزلوں کی بھی تعریف کی اور پہلے شعری مجموعہ کی اشاعت پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کی کامیاب شعری سفر کی دعا ء کی ۔ اس اعزازی جلسہ میں صدر جلسہ شوق جالندھری کے ساتھ ساتھ حیرت فرخ آبادی اور دیگر کئی لوگوں نے بھی اپنے تاثرات بیان کئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker