Baseerat Online News Portal

ملائم کی چھوٹی بہو اپرنا یادو کا چھلکا درد کہا

مجھے ای وی ایم نے نہیں، اپنوں نے شکست دی
لکھنؤ، 3؍اپریل:یوپی اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد یادو خاندان کی چھوٹی سی بہو اپرنا یادو نے بھی اب اپنا درد بیان کیا ہے۔اپرنا یادو نے کہا ہے کہ مجھے ای وی ایم نے نہیں، بلکہ اپنوں نے شکست دی ہے۔اپرنا یادو کے اس بیان کے کئی مطلب نکالے جا رہے ہیں، اپرنا نے اپنی شکست کی وجہ ای وی ایم ہونے کی بات کو ایک طرح سے مستردکر دیا ہے ۔اپرنا نے کہا کہ اپنوں سے جب زخم لگتا ہے ،تو زخم زیادہ گہرا ہوتا ہے ، کبھی کبھار یہ چوٹ آپ کو بہت کچھ سکھا جاتی ہے،اس شکست سے مجھے بھی وہ چشمہ مل گیا جس سے میں اپنے اور پرائے کی شناخت کر سکتی ہوں۔اپرنا نے اپنا درد شاعرانہ انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا ’کشتیاں وہاں آکر ڈوب گئیں جہاں ساحل قریب تھا‘۔یوپی اسمبلی انتخابات میں کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئیں ریتا بہوگنا جوشی نے اتر پردیش کی لکھنؤ کینٹ سے اپرنا یادو کو 33ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی۔ملائم سنگھ یادو نے کہا تھاکہ اپرنا کو بھاری اکثریت دیجئے گا، یہ ہم سے جڑا معاملہ ہے، اس سے ہمارا بھی احترام جڑا ہوا ہے، ہمارے بیٹے کی بیوی ہے،ہماری چھوٹی بہو ہے،آپ کی بھی بہن یا بہو ہے،ہمیں جتا دینا۔

You might also like