ہندوستان

نئے ویڈیو البم کی مارکٹنگ کے لئے سونو نگم نے کی زہر افشانی ؟ 

آج ملک کے فرقہ وارانہ اور جنونی ماحول میں اذان کے خلاف بیان دے کر سونو نگم نے اپنے نئے ویڈو البم کرکٹ والی بیٹ پر نوہٹ کرکے اور خود کی میڈیا ، خبروں، سوشیل میڈیا میں واپسی کی کوشش کررہے ہیں، کاروباری حلقوں کے ایک طبقے کو شبہ
تجزیہ وتبصرہ: سعید حمید (ممبئی اردو نیوز) 
سنگھ پریوار نے ملک میں جنونی ہندو تواوادی (مسلم مخالف) ماحول قائم کیا ہے۔ اس سے جہاں بی جے پی کو زبردست سیاسی فائدہ ہورہا ہے وہیں ڈیجیٹل میڈیا میں بھی اس جنون کو کیش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ زی ٹی وی نے اسی فرقہ وارانہ جنون کے ذریعہ اپنی ٹی آر پی بڑھانے کے لئے طارق فتح کا پروگرام ’فتح کا فتوی ٰ‘ نشر کیا۔ اب اس فرقہ وارانہ جنون سے اپنی گری ہوئی مارکیٹ سدھارنے کے لیے شائد فلمی گلوکار سونو نگم نے بھی اوچھا طریقہ اختیار کیا۔ جب انہوں نے سوشیل میڈیا کا سہارا لیکر لائوڈ اسپیکر پر ہونے والی اذان کے خلاف انتہائی غیر مہذب انداز میں تبصرہ کیا اور کئی برسوں سے اپنی گم نامی کو ختم کرکے اپنے ویڈیو البم ’’ناچو کرکٹ والی بیٹ پر‘‘ کو پروموٹ کرنے کی اوچھی حرکت کی ہے۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ سونو نگم نے لائوڈ اسپیکر پر نماز فجر کی اذان کے خلاف زہر افشانی محض خود اپنے آپ کو دوبارہ خبروں، میڈیا اور سوشیل میڈیا کی توجہ کا مرکز بنانے کے لیے دانستہ طور پر اور مارکیٹنگ کی منصوبہ بندی کے تحت کی ہے۔ 3اپریل 2017 کو سونو نگم اور سابق کرکٹر سچن تینڈولکر کا ایک ویڈیو میوزک ا لبم کرکٹ والی بیٹ پر لانچ ہوا ہے، اور اس کے ساتھ ہی ایک ڈیجیٹل ایپ ’’۱۰۰ ایم بی‘‘ بھی لانچ کیاگیا ہے۔ آج کے زمانے میں اپنے ڈیجیٹل پروڈکٹ کی مارکٹنگ کے لئے مختلف فنکار اور ان کی پرموشن کمپنیاں مختلف طریقے اختیار کیا کرتی ہیں، اس بات کا قوی امکان ہے کہ ملک کے موجودہ فرقہ وارانہ اور جنونی ماحول میں سونو نگم نے دانستہ ایک تنازعہ چھیڑا ہے، اس کی وجہ سے ’’خبروں میں ‘‘ ان کی کئی برسوں کے بعد واپسی ہوئی ہے، مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ جس تنازع کو سونو نگم نے چھیڑا ہے، اس کا موجودہ قومی صورتحال میں اس کی نئی ویڈیو البم ’’کرکٹ والی بیٹ پر ‘‘ اور ڈیجیٹل ایپ ۱۰۰ ایم بی کو زبردست فائدہ ملے گا۔ یہ بتایاجاتا ہے کہ سونو نگم سات بنگلہ یاری روڈ اندھیری (مغرب) ممبئی کی ایک فلک بوس عمارت کی ۱۲ ویں منزل پر رہتے ہیں ۔ آخر ان کی نیند میں لائوڈ اسپیکر کی اذان اس قدر خلل کیسے پیدا کرسکتی ہے( وہ بھی موسم گرما میں) جبکہ وہ ایئر کنڈیشنڈبیڈ روم میں سوتے ہیں اور بیڈروم کے سارے شیشے بند رہتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی خواب گاہ سائونڈ پروف بھی ہوتی ہے۔ اس سے قبل وہ کئی برسوں سے اس علاقے میں مقیم ہیں، لیکن آج تک انہوں نے لائوڈ اسپیکر پر اذان کے خلاف کوئی شکایت کیو ںنہیں کی۔ ؟ فلمی دنیا کے کاروباری ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ برسوں میں سونو نگم کا مارکیٹ ڈائون ہوگیا ہے، کئی نوجوان گلو کار مثلاً میکا سنگھ، جاوید علی، عاطف اسلم، گزشتہ کچھ برسوں میں اپنا مارکیٹ بناچکے ہیں۔ کاروبار ذرائع کاکہنا ہے کہ سونو نگم سے ایک بڑی میوزک کمپنی کا لین دین، معاوضہ اور کاپی رائٹ کے معاملے میں جھگڑا ہوا تھا اور اس کمپنی نے سونو نگم کا بائیکا ٹ کررکھا ہے۔ سونو نگم کےبجائے اس کمپنی کی جانب سے دیگر سنگرس کو پروموٹ کیاجارہا ہے، اس بات سے بھی سونو نگم کا مارکیٹ متاثر ہوا ہےاور وہ کافی پریشان رہ رہے ہیں۔ اب کرکٹ کے سابق کپتان سچن تینڈولکر کے ساتھ انہو ںنے ایک نیا ویڈیو البم ’’کرکٹ والی بیٹ پر‘‘ لانچ کیا ہے۔ اس ویڈیو البم کی کشش بھی سچن تینڈولکر ہی قرار دئیے جارہے ہیں، اور سوشل میڈیا پر 15 لاکھ سے زائد ناظرین سچن تینڈولکر کی وجہ سے اس ویڈیو کو البم کو ملے ہیں، ایسا مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے، کیا مارکیٹ میں اپنی واپسی ،خبروں اور میڈیا میں واپسی اور ٹی آر پی کے چکر میں سونو نگم نے اذان کے خلاف زہر افشانی کی ہے؟ کچھ حلقے تو اس حرکت کا سبب نئے ویڈیو البم کی مارکیٹنگ کو ہی قرار دے رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker