Baseerat Online News Portal

ایس ڈی پی آئی نے سونو نگم کا پتلا پھونکا

کانگریس لیڈر احمد پٹیل کے اذان کے متعلق متنازعہ بیان کی مذمت کی
چتور گڑھ /راجستھان ۔۲۲؍اپریل: (پریس ریلیز)سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے کارکنان نے چتور گڑھ ضلعی صدر سرفراز حسین انصاری کی قیادت میں بیگون شہر کے بس اسٹانڈ میں احتجاج کرتے ہوئے سونو نگم کا پتلا جلایا اور سونو نگم کے اذان کے متعلق متنازعہ بیان دینے اور ان کے بیان کی حمایت کرنے والے کانگریس سینئر لیڈر احمد پٹیل کے خلاف جم کر نعرے لگائے۔ سرفراز انصاری نے سونو نگم اور احمد پٹیل کے بیانات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک خاص مذہب اور اس کی ثقافت پر حملہ کرکے نفرت کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے۔ سو نو نگم کا یہ بیان بھی ان کی فرقہ وارانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے اور ان کے بیان کے پیچھے سیاست کارفرما ہے۔ ایسے میں کانگریس کے مشیر اور سینئر لیڈر احمد پٹیل کے طرف سے سونو نگم کے بیان کی حمایت کرنا کانگریس کی پالیسی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ کانگریس کا اپنے آپ کو سیکو لر کہنا صرف ایک ڈھونگ لگ رہا ہے۔ کانگریس لیڈر وں کا ہمیشہ سے یہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ مسلمانوں کو بی جے پی کا خوف دلاکر ان کے ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرتے آرہے ہیں۔ لیکن آج کانگریس لیڈران بھی بی جے پی اور اس کے شراکت داروں کی راہ پر چلتے ہوئے مسلمانوں کی ثقافت پر حملہ کررہے ہیں ۔ احمد پٹیل جو کانگریس میں مسلمانوں کے رہبر بن کر بیٹھے ہیں آج وہی مسلمانوں اور ان کے مذہبی معاملات پر قابل اعتراض بیان دے رہے ہیں۔جس کا ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔ سرفراز انصاری نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو کانگریس سمیت تمام سیاسی پارٹیوں کی پالیسیوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اس احتجاجی مظاہرے میں بیگون اسمبلی اسپیکرندیم خان سمیت کثیر تعدادمیں پارٹی کارکنان شریک رہے۔

You might also like