ہندوستان

شری دیوی کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی

پوسٹ مارٹم رپورٹ اہل خانہ کو سونپ دی گئی ، رات گئے تک جسد خاکی کے ممبئی آمد اور آج آخری رسومات کا امکان
ممبئی ۲۶؍فروری (ممبئی اردو نیوز) دبئی پولیس کی طرف سےشری دیوی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ان کے کنبہ کو سونپ دی گئی ہےجس کے مطابق، شری دیوی کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے کی وجہ سے ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق، شری دیوی باتھ ٹب میں تھیں اور اسی دوران انہیں دل کا دورہ پڑا۔ ہارٹ اٹیک کے دوران وہ خود کو سنبھال نہیں پائیں اور باتھ ٹب میں ہونے کی وجہ سے وہ ڈوب گئیں۔ شری دیوی کی وفات کے تقریبا 24 گھنٹوں کے بعد آئی اس رپورٹ کے مطابق دل کا دورے پڑنے کے نتیجے میں ان کی موت نہیں ہوئی، بلکہ اچانک آئے ہارٹ اٹیک کے بعد ڈوب جانے سے ان کی موت ہوئی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق شری دیوی کے جسم میں الکحل یعنی شراب کی کثیر مقدار پائی گئی ۔ اطلاعات کے مطابق نشہ کی وجہ سے وہ اپنا توازن برقرا نہیں رکھ پائیں او رٹب میں گریں او رڈوب کر ان کی موت ہوگئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ شری دیوی کے کنبہ کو دے دی گئی ہے اور اب کپور خاندان اور ہندوستانی سفارتخانہ ان کے جسد خاکی کو جلد از جلد ہندوستان لانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ دبئی میں ہندوستان کے سفیر نودیپ سوری کا کہنا ہے کہ ہندوستانی سفارتخانہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ میں ہے تاکہ شری دیوی کی جسد خاکی ہندوستان روانہ ہو سکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہماری کوشش ہے کہ ان کی لاش کو جلد سے جلد ہندوستان لایا جائے۔‘‘’خلیج ٹائمس ‘کی خبروں کے مطابق آج شری دیوی کی لاش ہندوستان لے جانے کی اجازت ملنے کے امکانات بہت کم نظر آ رہے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو شری دیوی کی آخری رسومات بھی آج ادا نہیں ہو پائیں گی اور ممبئی میں ان کے گھر پر جمع شیدائیوں کا انتظار بھی طویل ہو جائے گا۔ خلیج ٹائمس کا کہنا ہے کہ ذرائع سے ملی خبروں کے مطابق بونی کپور کی فیملی اور سماجی کارکنان کا ایک گروپ پبلک پروزیکیوٹر کی اجازت کا انتظار کر رہا ہے تاکہ لاش کو جلد از جلد ممبئی لے جایا جا سکے۔اطلاعات کے مطابق ساری کاغذی کارروائی پوری ہو جانے اور شری دیوی کے پاسپورٹ کو منسوخ کر دئیے جانے کے بعد ان کے خاندان کو ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا اور اس کے بعد شری دیوی کا جسد خاکی دبئی سے ممبئی لے آیا جائے گا۔اے این آئی نے فورنسک رپورٹ کی کاپی میں لکھا گیا ہے کہ شری دیوی کی موت ڈوبنے سے ہوئی۔ ’گلف نیوز ‘کے حوالے سے بھی یہ خبر مل رہی ہے کہ باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ان کی موت ہوئی اور اس سے پہلے انھیں دل کا دورہ پڑا تھا۔ ’گلف نیوز‘ کے مطابق شری دیوی کے خون میں الکحل کا عنصر بھی ملا ہے۔ خبر رساں ادارہ اے این آئی نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ فورنسک رپورٹ سے متعلق سبھی ضروری چیزیں تقریباً مکمل ہو چکی ہیں لیکن بونی کپور کی فیملی کی جانب سے ابھی تک کوئی پختہ جانکاری نہیں دی گئی ہے۔ دبئی پولس نے شری دیوی کی موت سے متعلق ان کے شوہر بونی کپور کا بیان درج کر لیا ہے۔ چار افسران کی ایک ٹیم نے آڈیو اور ویڈیو دونوں طریقے سے بونی کپور کا بیان ریکارڈ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ بیان تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک چلا ہے۔ اس کے علاوہ دبئی پولس نے تین دیگر لوگوں کا بھی بیان درج کیا ہے۔ یہ وہی لوگ ہیں جو بونی کے ساتھ شری دیوی کو اسپتال لے کر آئے تھے۔ ان کے علاوہ رشید اسپتال کے دو ڈاکٹروں اور پانچ دیگر ملازمین کا بھی بیان درج کیا گیا ہے۔کپور فیملی نے میڈیا سے گزارش کی ہے کہ جب شری دیوی کے جسد خاکی کو واپس لایا جا رہا ہے تو اس وقت نہ تو کوئی شور کریں اور نہ ہی تصویر لینے کی کوشش کریں۔ شری دیوی کے شوہر بونی کپور کا کہنا ہے کہ گھر کے باہر بے وجہ کی بھیڑ نہ لگائی جائے۔ شری دیوی کی لاش کے ساتھ پرائیویٹ طیارہ میں بونی کپور اور ان کی بیٹی خوشی رہیں گی۔ اس کے علاوہ ان کی ٹیم کے ایسے لوگ بھی طیارہ میں ان کے ساتھ ہوں گے جو گھر تک بغیر کسی رکاوٹ کے لاش کو لے جائیں گے۔ اطلاعات کے مطابق شری دیوی اپنے شوہر بونی کپور کو ’سرپرائز‘ دینے کےلیے باتھ روم فریش ہونے گئی تھیں۔ بونی کپور ممبئی آکر واپس دبئی پہنچنے والے تھے۔ ممبئی کے ویلے پارلے واقع پون ہنس کریمٹوریم میں شری دیوی کی آخری رسوم ادا کی جانی ہیں اور اس کے پیش نظر وہاں تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔ کریمٹوریم میں فاگنگ مشین کا استعمال کیا جا رہا ہے اور صاف صفائی کا کام بھی زور و شور سے جاری ہے۔ علاوہ ازیں کچھ خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ شری دیوی کی لاش کو لانے کے لیے ایمبولنس ائیر پورٹ پہنچ چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker