ہندوستان

نتیش سرکار کا حکومت پر کنٹرول نہیں

بھاگلپور تشددپرتیجسوی یادو نے گھیرا
پٹنہ26 مارچ:بھاگلپور میں فساد بھڑکانے کے معاملے میں مرکزی وزیر اشونی چوبے کے بیٹے ارجت شاشوت کے خلاف وارنٹ جاری ہونے کے بعد وہ پہلی بار میڈیا کے سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خودسپردگی کیوں کرنی چاہئے؟ عدلیہ وارنٹ بھی جاری کر تی ہے توپناہ بھی دیتی ہے۔ ایک بار جب آپ عدالت میں جاتے ہیں تو آپ صرف وہی کریں گے جو وہاں آپ کے لئے مقرر کیا گیا ہوتا ہے۔اس بیان پر آر جے ڈی کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے نتیش کمار حکومت پر تنقید کی ہے ۔ شاشوت پٹنہ میں دو جگہ رام نومی کے جلوس میں نظر آئے اور اپنی تصویر اور ویڈیو خود سوشل میڈیا پر اپلوڈ بھی کیا۔ انہوں نے ایک بیان جاری کر کہا کہ مرکزی وزیر اشونی چوبے کے فسادات کے ملزم بیٹے نے نتیش کمار کے قانون کو بالکل ننگا کر دیا ہے۔ ایک طرف نتیش حکومت اس کے خلاف وارنٹ نکلوا رہی ہے دوسری طرف وہ پٹنہ میں کھلے عام تلوار ہاتھوں میں لئے گھوم رہا ہے اور نتیش کے قانون کو چیلنج دے رہا تھا ۔تیجسوی یادونے کہا کہ بہار کے ڈھونگی اور پاکھنڈی وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر اشونی چوبے کے فسادی صاحبزادے پر دکھاوے کے لیے ’گرفتاری وارنٹ‘نکال رکھا ہے، لیکن وہ پٹنہ میں وزیراعلی رہائش سے متصل ہی بی جے پی ممبران اسمبلی کی موجودگی میں تلوار تھامے فیس بک پر لائیو تھا ۔ نتیش کمار گھٹن میں ہیں، مایوس، اداس، پریشان اور لاچار ہیں ،ان کے ہاتھوں میں بیڑیاں اور چوڑیاں ہیں ۔ اگر نتیش کمار مرکزی وزیر کے فسادات کے ملزم بیٹے کو گرفتار نہیں کروا سکتے تو ہمیں پولیس کے ساتھ موقع دیں، ہم اسے پکڑ کر نتیش کمار کے حوالے کر دیں گے۔ تیجسوی یادونے کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار کو جواب دینا ہوگا کہ کورٹ کی جانب سے گرفتاری کا وارنٹ جاری ہونے کے بعد بھی کیوں ارجت شاشوت کھلے عام گھوم رہا تھا ؟ انہوں نے کہا کہ نتیش کا حکومت پر کنٹرول نہیں ہے؛بلکہ یہ حکومت ناگپور سے چل رہی ہے علاوہ ازیں یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کتنے کمزور ہو چکے ہیں۔ اس سے پہلے ارجت شاشوت نے کہا تھا کہ میں عدالت کی پناہ میں ہوں، بھاگتے وہ ہیں، تلاش کرنا ان ہی کو پڑتا ہے جو کہیں غائب ہو گئے ہوں۔ میں معاشرے کے درمیان میں ہوں۔ ارجت شاشوت نے کہا کہ پولیس مجھے گرفتار کرنے کے لئے آتی ہے تو میں وہیں کروں گا جو وہ کہیں گے۔میں نے پیشگی ضمانت کی درخواست داخل کر رکھی ہے۔ ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ انجنی کمار شریواستو نے ناتھ نگر پولیس کی جانب سے دائر عرضی پر وارنٹ جاری کیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں درج دو معاملے میں سے ایک میں نامزد نو افراد کی گرفتاری کی مانگ کی تھی۔ اضافی پبلک پراسیکیوٹر مشرا نے بتایاکہ ابھے کمار گھوش، سونو، پرمود ورما پمی ، دیو کمار پانڈے، سنجے بھٹ، سریندر کاری، امت لال شاہ اور پرنب شاہ عرف پرنب داس کے خلاف بھی وارنٹ جاری کیا گیاہے ۔ بھاگلپور کے سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ منوج کمار نے بتایا کہ پولیس کو عدالت کے حکم کی کاپی ملی ہے اور تمام ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker