اسلامیاتمتفرقاتمضامین ومقالات

سنت پرعمل دنیا وآخرت میں فلاح وکامیابی کاضامن

مفتی محمد عبد اللہ قاسمی
استادفقہ وادب دارالعلوم حیدرآباد
سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم دین کامنبع وسرچشمہ ہے،مذہب کی تشکیل اوراسلامی اصول وقوانین میں اس کواہم اوربنیادی حیثیت حاصل ہے،سنت نبوی کی پیروی دنیاوآخرت کی فلاح وکامیابی کی ضامن ہے،رب ذوالجلال کی رضاوخوشنودی کی شاہ کلیدہے،قوموں کی تعمیروترقی کاکفیل ہے،مصائب اورپریشانیوں کے لئے نسخہ اکسیرہے،روحانی واخلاقی بیماریوں کے لئے سرمہ شفاہے،دین میں جمائو،استقلال اورپختگی کاسبب ہے،فتنوں کے دورمیں مشعل راہ اوررفیق خضرہے۔
آپ ﷺکی سنت مبارکہ وہ قیمتی اورگراں مایہ متاع ہے جوانسان کو دنیا وآخرت میں سرفرازی وکامرانی عطاکرتی ہے،اللہ کی رضاوخوشنودی نصیب کرتی ہے،محبت وعرفاں کی حرارت سے دلوں کی انگھیٹی کوگرم کرتی ہے،مردہ دلوں میں ایمان ویقین کے پودے اگاتی ہے،سنت نبوی کی اسی اہمیت کے پیش نظر قرآن کریم میں اللہ تبارک وتعالی نے قیامت تک آنے والے تمام انسانوں کو حکم دیتے ہوئے فرمایا:قل إن کنتم تحبون اللہ فاتبعونی یحببکم اللہ ویغفرلکم ذنوبکم (آل عمران:۳۱)اگرتم اللہ سے محبت کے دعویدارہوتوتمہارایہ دعوی اللہ کی نگاہ میں اسی وقت قابل قبول ہوگاجب کہ تم جناب محمدرسول اللہ ﷺ کی پیروی کرو،ان کے بتائے ہوئے طریقوں پرچلو،اوران کی سنتوں کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالو،ایک دوسری جگہ خداوندذوالجلال نے پوری نوع انسانیت کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا:وماآتاکم الرسول فخذوہ ومانہاکم عنہ فانتہوا(الحشر:۷)رسول اللہ ﷺنے جوہدایات اورتعلیمات تمہیں دی ہیں ان کومضبوطی سے تھام لو،اورجن چیزوں سے وہ تمہیں منع کرتے ہیں ان سے بازآجائو،ایک جگہ اللہ تبارک وتعالی نے بڑے سخت اندازمیں مسلمانوں کومتنبہ کرتے ہوئے فرمایا:فلیحذرالذین یخالفو ن عن أمرہ أن تصیبہم فتنۃ أویصیبہم عذاب ألیم (النور:۶۳)جولوگ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کی مخالفت کرتے ہیں انہیں اس بات سے ڈرناچاہیے کہ کہیں ان کودنیا کے اندرہی کسی آزمائش میں مبتلانہ کیا جائے یا آخرت میں ان کو درناک عذاب دیا جائے۔
جوشخص اسوئہ نبوی کے مطابق اپنی زندگی گزارتاہے ، آپ ﷺ کی تعلیمات وہدایات کوحرزجاں بناتاہے ،اپنی نشست وبرخاست اوراپنے رہن سہن کو سنت کے مطابق ڈھالتاہے،توایسے شخص کی اللہ تبارک وتعالی فتنوں کے دورمیں دست گیری فرماتے ہیں،اوراس کو ہرقسم کی گمراہیوں سے محفوظ رکھتے ہیں،چنانچہ رسول اللہﷺ نے ارشادفرمایا: ترکت فیکم أمرین لن تضلواماتمسکتم بہما کتاب اللہ وسنۃ رسولہ (المستدرک علی الصحیحین للحاکم،حدیث نمبر:۳۱۹)جب تک میری امت کتاب اللہ کواورمیری سنت کو مضبوطی سے تھامے رہے گی اوراپنی زندگی کومیرے طریقوں پراستوارکرے گی توفتنوں کی تیزوتندآندھیاں بھی اس کے ایمان ویقین کو متزلزل نہیں کرسکتیں ، دنیاکے دلفریب اورہوش رہامناظر بھی اس کوجادئہ حق سے منحرف نہیں کرسکتے،دین واسلام کے نام پراسلامی عقائدمیں تشکیک پیداکرنے والے لوگ بھی اس کوصراط مستقیم سے ہٹانہیں سکتے۔
جب انسان اسوئہ نبوی کے مطابق زندگی بسرکرتاہے ،اپنے گلدستہ زندگی کو سنت کے عطربیزپھولوں سے سجاتاہے،عبادات ، معاملات ، معاشرت ،اخلاقیات ،غرض زندگی کے ہرشعبے میں آپ کی اقتداء کااہتمام کرتاہے تو نیک لوگوں کے دلوں میں اللہ تعالی اس کی محبت ڈال دیتے ہیں ، فاسق اورفاجرلوگوں کے قلوب میں اس کا رعب ودبدبہ رکھ دیتے ہیں،دین پراستقامت اورثابت قدمی عطاکرتے ہیں،صحابہ کرام رضوا ن اللہ تعالی علیہم اجمعین نے آپ ﷺ کی اقتداء وپیروی کی ،آپ ﷺ کی سنتوں کو مشعل راہ بنایا،آپ ﷺ کی تعلیمات وہدایات کے مطابق اپنی زندگیوں کوڈھالا،تو اللہ تبارک وتعالی نے ان کو دنیا کی سیادت وقیادت عطاکی،پوری دنیامیں ان کوشہرت اورعزت عطاکی ،مال ودولت کے خزانے ان کے لئے کھول دئیے،دشمنوں کے قلوب میں ان کارعب ودبدبہ بٹھادیا،کائنات کی تمام چیزوں کوان کے لئے مسخراورتابع کردیا۔
اس وقت عالمی سطح پرمسلمانوں کے جوناگفتہ بہ حالات ہیں ،ہرطرف وہ حیران وپریشان ہیں،ہرجگہ ان کو ظلم وستم کانشانہ بنایاجارہاہے ،ان کی عزت وآبروکوپامال کیا جارہاہے ،ان کی عبادت گاہوں کو مسمارکیا جارہاہے،ان کے مال ودولت کولوٹاجارہاہے،ان مختلف پریشانیوں اورگوناگوں مصائب کابنیادی سبب یہ ہے کہ ہم نے آپ ﷺ کی سنتوں کوبھلادیا،آپ ﷺ کی تعلیمات وہدایا ت سے ہم نے منھ موڑلیا،آپ ﷺ کے طریقوں سے ہم نے اعراض کیا،اورغیروں کے طریقہ کو ہم نے اختیارکرلیا،مغربی تہذیب وتمدن کے زہریلے اثرات ہمارے اندرپھیل گئے،غیرقوموں کی مشابہت اوران کے طریقوں کی نقالی ہماری زندگی کاجزولاینفک بن گئی ،ضرورت ہے اس بات کی کہ ہم اپنے اعمال کی اصلاح کریں ،ہم اپنی زندگیوں میں صالح اورخوشگوارانقلاب لائیں،گلشن سیرت کے عطربیزپھولوں سے اپنے اخلاق وکردارکوآراستہ کریں ،تبھی ہرسوچھائی ہوئی ذلت ونکبت دورہوگی،اورامت مسلمہ کو مصائب اورپریشانیوں سے نجات ملے گی ۔
اخیرمیں اللہ تبارک وتعالی سے دعاء ہے کہ اسوہ نبوی کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق نصیب فرمائے ،اورسنت نبوی کے ثمرات اوربرکات سے ہم کو مستفید فرمائے۔آمین
(بصیرت فیچرس)

Tags

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker