ہندوستان

کانگریس مسلمانوں کو خوفزدہ کرنے کے بجائے اپوزیشن کا کردار ادا کرے

سینئر کانگریسی لیڈر ششی تھرور کے بیان پر علماء ودانشوران کا سخت رد عمل
دیوبند:12؍ جولائی(سمیر چودھری؍بی این ایس)
کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ششی تھرورکے ذریعہ کئے گئے ٹویٹ کہ’اگر بی جے پی 2019 میں اقتدار میں آئی تو بھارت کو ہندو پاکستان بنا دے گی‘پر علماء نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے، علماء و دانشوران نے دو ٹوک کہاکہ اپوزیشن ڈرانے کی سیاست کرنے کے بجائے ملک کے اصل اوربنیادی مدعیٰ اٹھاکر حزب اختلاف کاکردار ادا کرے۔ 2019کے لوک سبھا انتخابات جیسے جیسے قریب آ رہا ہے،ویسے ہی سیاسی بیان ماہرین کی زبان لمبی ہوتی جاتی جارہی ہے، مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرنے والی گندہ سیاست کے ذریعہ وہ انتخابات میں جیت چاہتے ہیں، اسی تناظر میں کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور نے یہ کہہ دیا ہے کہ اگر بی جے پی2019 میں بھی اقتدار میں آ گئی تو بھارت کو ہندو پاکستان بنا دے گی اور ملک کا آئین خطرے میں پڑ جائے گا۔ ششی تھرور نے ٹویٹ کر کہا ہے کہ پاکستان کا قیام اکثریتی مذہب کی بنیاد پر ہوا تھا ،جہاں مذہبی اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہوتا ہے اور ایسے ہی یہ حکومت ملک کو ہندو راشٹر بناکر مذہبی اقلیتوں کو ہراساں کرنا چاہتی ہے۔تھرور کے بیان پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے آل انڈیا اقتصادی کونسل کے چیئرمین مولانا حسیب صدیقی نے کہا کہ بھارت سیکولر ملک ہے اور ہمیشہ رہے گا، کوئی بھی اس کے آئین کو تبدیل نہیں کرسکتاہے، کانگریس مسلمانوں اور دیگر پسماندہ طبقات کو بی جے پی کا خوف دکھاکر اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اہل سیاست کو مذہبی نہیں بلکہ کے ملک کے اصل مسائل کو اٹھاکر اقتدار حاصل کرنے کی جدوجہد کرنی چاہئے ہیں،اسی میں ملک کی ترقی ہے۔ ماہنامہ ترجمان دیوبند کے مدیر اعلیٰ مولاناندیم الواجدی نے کہاکہ انتخابات آتے ہی تمام سیاسی جماعتیں ووٹ کی سیاست شروع کردیتے ہیں، ششی تھرور کا بیان بھی لوک سبھا انتخابات 2019 کے تناظر میں دیکھا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مسلمانوں کو خوفزدہ کرکے ووٹ لینے کی کوشش کے بجائے، کانگریس کو ایمانداری سے اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان امن سلامتی اور بھائی چارہ کے ساتھ اس ملک میں رہتا آیا ہے اور رہتا رہے گا۔

Tags
Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker