امریکہ میں ہائی الرٹ: فلورنس نامی خطرناک طوفان مشرقی ساحل کی جانب بڑھتاہوا

امریکہ میں ہائی الرٹ: فلورنس نامی خطرناک طوفان مشرقی ساحل کی جانب بڑھتاہوا

واشنگٹن:11؍ستمبر(بی این ایس؍ایجنسیاں)
فلورنس نامی انتہائی طاقتور سمندری طوفان امریکہ کے مشرقی ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے۔ حکام نے اس طوفان سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں سے 10 لاکھ افراد کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کیٹیگری چار کے اس طوفان کے ساتھ 220کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی تیز رفتار ہوائیں بھی شامل ہیں۔ یہ طوفان امریکا کے مشرقی ساحلی علاقے کی طرف بڑھ رہا ہے اور اسی باعث لوگوں نے خطرے کے شکار علاقوں سے نکلنا شروع کر دیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں لوگوں کو متنبہ کیا، ’’مشرقی ساحل سے ٹکرانے والا یہ گزشتہ کئی برسوں کا بدترین طوفان ہے۔‘‘ ٹرمپ نے اپنے پیغام میں لوگوں سے کہا کہ وہ تیار، محتاط اور محفوظ رہیں۔
امریکہ کی جنوبی ریاست کیرولینا کے گورنر ہینری میکماسٹر نے ریاست کے مشرقی ساحلی علاقوں سے ایک ملین کے قریب لوگوں کو وہاں سے نکلنے کا حکم دیا ہے۔ یہ طوفان ممکنہ طور پر جمعرات 13 ستمبر کو ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔ اس ریاست کی 46 میں سے 26 کاؤنٹیز کے اسکولوں کو آج منگل کے روز سے بند کر دیا گیا ہے۔
پڑوسی ریاست شمالی کیرولینا کے گورنر نے بھی ممکنہ طور پر طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ ریاست ورجینیا میں اسی سبب ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ریاست کیرولینا کے گورنر ہینری میکماسٹر کے مطابق، ’’یہ انتہائی خطرناک سمندری طوفان ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ساحلی علاقوں سے لوگوں کو منتقل کرنا ’ضروری ہے نا کہ رضاکارانہ‘۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کا کہنا تھا، ’’ہم نہیں چاہتے کہ ایک بھی زندگی اس طوفان کی نذر ہو۔‘‘