ہندوستان

سابق اسمبلی رکن معاویہ علی اور ممبرپارلیمنٹ بدرالدین اجمل کے درمیان زبانی جنگ تیز

بدرالدین اجمل رقم دینے کے لئے بار بار جگہ بدل رہے تھے جس کی وجہ سے شک ہونے پر اجمل کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی ویڈیو ریکارڈنگ کرنی پڑی : معاویہ علی
دیوبند: 3اکتوبر (رضوان سلمانی؍بی این ایس)
اے یوڈی ایف کے سربراہ اورممبر پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل اور دیوبند سابق اسمبلی رکن معاویہ علی کے درمیان زمینی تنازعہ کو لے کر الزام تراشی کا دور جاری ہے ۔ ممبر پارلیمنٹ کے الزام کے بعد سابق اسمبلی رکن معاویہ علی نے اپنا موقف رکھتے ہوئے کہا کہ اگر بدرالدین اجمل واقعی سچے ہیں تو وہ ان پر لگائے گئے رنگ داری کے الزامات اور حوالہ کے ذریعہ رقم نہ مانگنے والی بات پر قسم کھالیں لیکن وہ ایسا نہیں کرسکتے کیوں کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں ، گزشتہ کل ممبر پارلیمنٹ بدرالدین اجمل کی جانب سے میڈیا میں جاری کئے گئے بیان پر پلٹ وار کرتے ہوئے معاویہ علی نے کہا کہ بدرالدین اجمل ممبر پارلیمنٹ ہونے کے ساتھ ساتھ دارالعلوم دیوبند جیسے عظیم ادارہ کے ذمہ دار بھی ہیں اس لئے انہو ںنے زمینی تنازعہ کے سلسلہ میں آج تک میڈیا کے سامنے کوئی بیان نہیں دیا تاکہ دارالعلوم پر کوئی آنچ نہ آپائے ،معاویہ علی نے اجمل کے جھوٹی نوٹری کرانے اور 12مارچ کو دیوبند میں نہ ہونے کی بات کو جھوٹ کا پلندہ بتاتے ہوئے کہا کہ 13مارچ کے اخبارات اس کے گواہ ہیں کہ 12مارچ کو بدرالدین اجمل دیوبند میں ہی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اجمل نے 19اگست کو اپنے سی اے کے ذریعہ انہیں دہلی بلایا اور ایک کروڑ روپے کی رنگ داری مانگنے کے جھوٹے الزام میں جیل بھجوادیا لیکن ان پر لگائے گئے رنگ داری کے الزام کو اجمل عدالت میں ثابت نہیں کرسکے جس کے سبب انہیں اگلے ہی روز عدالت نے ضمانت دیدی۔ انہوں نے کہا کہ ممبر پارلیمنٹ بدرالدین اجمل دیوبند سے عقیدت اور محبت کا جھوٹا ڈھونگ رچتے ہیں جب کہ حقیقت یہ ہے کہ اپنے فائدہ کے لئے انہوں نے دارالعلوم کے سینئر استاد اورجمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولاناارشد مدنی کو بھی نہیں بخشا تھا اور انکے خلاف 101کروڑ روپے کا گوہاٹی ہائی کورٹ میں دعویٰ کیا تھا ۔ معاویہ علی نے اجمل پر حوالہ کے ذریعہ مختلف ممالک میں عطر کا بڑا کاروبار کھڑا کرلئے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان سے بھی زمین کی رقم حوالہ کے ذریعہ قطر سے دوبئی منگائی گئی تھی اور بدرالدین نے اپنے قریبی چودھری کے بیٹے ندیم سے اپنے سامنے حوالہ سے لین دین کرنے والا کوڈ نمبر انہیں دلایا تھا جس کی ویڈیو بھی ان کے پاس موجود ہے۔ معاویہ علی نے دعویٰ کیا کہ اگر ان کی بات جھوٹی ہے تو بدرالدین اجمل دیوبند آکر مسجد رشید میں قسم کھالیں ۔ معاویہ علی نے اپنی صفائی دیتے ہوئے کہا کہ اجمل رقم دینے کے لئے بار بار جگہ بدل رہے تھے جس کی وجہ سے شک ہونے پر انہوں نے اجمل کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی ویڈیو ریکارڈنگ کرنی پڑی تھی ۔ سابق اسمبلی رکن معاویہ علی نے کہا کہ ممبر پارلیمنٹ بدرالدین اجمل بی جے پی کے ساتھ ساز باز کرکے انہیں جیل بھجوانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن انہیں اللہ اور عدالت پر پورا یقین ہے کہ سی بی آئی یا ای ڈی جانچ ہو یا پھر نارکو ٹیسٹ ان سے صاف ہوجائے گا کہ کون جھوٹ بول رہا ہے اور کون سچ بول رہا ہے۔

Tags

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker