آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کی جانب سے نومنتخب اراکین کو استقبالیہ

آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کی جانب سے نومنتخب اراکین کو استقبالیہ

چیئرمین درگاہ کمیٹی اجمیر، چیئرمین مولانا آزاد فائنانس کارپوریشن اور وقف بورڈ کے ممبر کی عزت افزائی کی گئی
ممبئی:11؍اکتوبر (پریس ریلیز) آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کی جانب سے کولسہ محلہ جماعت خانے میں نومنتخب اراکین امین پٹھان (صدر گاہ کمیٹی درگاہ خواجہ اجمیر شریف، چیئرمین حج کمیٹی راجستھان ، شعبہ اقلیتی کمیٹی حکومت ہند)، حاجی حیدراعظم (چیئرمین مولانا آزاد فائنانس کارپوریشن)، فاروق اعظم (ممبر درگاہ کمیٹی اجمیر ) ایڈوکیٹ خالد بابو قریشی (ممبر مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ )کے اعزاز میں بروز بدھ ایک استقبالیہ پروگرام منعقد کیاگیا۔ اس موقع پر آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کے صدر اقبال میمن آفیسر نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے تمام نومنتخب اراکین کو مبارک باد دی اور امین پٹھان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اجمیر شریف میں صاف صفائی کی بہت کمی ہے اس جانب آپ کو توجہ دینی چاہئے، تاکہ زائرین کو کوئی دشواری نہ ہو۔ درگاہ میں خواتین کے لیے مناسب پردے کااہتمام بھی کیاجائے جس طرح سے مدینہ منورہ میں ہے۔ حیدراعظم کو انہوںنے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے لیے لون وغیرہ جو فراہم کی جاتی ہیں اس میں سہولیات مہیا کی جائے تاکہ طلبہ وطالبات کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ انہو ںنے تاجروں کے تعلق سے بھی کہا کہ چھوٹے کاروباریوں کو بھی لون حاصل کرنے میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے ایڈوکیٹ خالد قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وقف کی زمینوں پر جو ناجائز قبضے ہیں اس پر کارروائی کرتے ہوئے اس زمین کو حاصل کرکے قوم کے مفاد میں استعمال کیاجائے ۔ اس موقع پر امین پٹھان نے اپنے خطاب میں کہاکہ ایک خاص رقم ہمیں ملی ہے جس کا صحیح استعمال ہم درگاہ کے انتظامات وانصرام اور زائرین کی سہولیات پر کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس اجمیر میں سرکاری زمین موجود ہے جہاں ہم زائرین کے لیے سو بیڈ پر مشتمل ایک اسپتال قائم کریں گے۔ ممبئی سے کشن گڑھ ایئرپورٹ کو بھی جلد از جلد چالو کروانے کی کوشش کریں گے، بلند دروازے سے مین روڈ کے راستے کو دو کلو میٹر تک ماربل سے مزین کریں گے ۔ انہو ںنے کہاکہ درگاہ کے تعلق سے وقتاً فوقتاً جو مشورہ ہمیں ملے گا اس پر حتی المقدور عمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ حیدراعظم نے کہاکہ مولانا آزاد فائنانس کارپوریشن کا جو عہدہ مجھے دیاگیا ہے اس کا میں صحیح استعمال کرکے ضرورت مندوں تک اس کی اسکیم کا فائدہ فائدہ پہنچائوں گا، اور اسکیم حاصل کرنے میں جو دشواریاں پیدا ہوتی ہیں ان دشواریوں کو دور کرنے کی بھر پور کوشش کروں گا ۔ انہو ںنے کہاکہ میرے چارج سنبھالنے کے بعد سے ہم نے کئی کروڑ روپئے مولانا آزاد فائنانس کے تحت جاری کرچکے ہیں ۔ آل انڈیا میمن جماعت کے نائب صدر سہیل کھنڈوانی نے استقبالیہ خطبہ دیا ۔ اس پروگرام میں زبیدہ بائی کھنڈوانی، فریدہ بائی آگبوٹ والا، نسیمہ سورتی، سحر بانو گلّر، عزیز بھائی مچھی والا، الطاف ہولی، شاکر بھائی باٹلی والا، مفتی منطور احمد ضیائی، مولانا عبدالسلام خان قاسمی، سماجی کارکن محمد پٹیل ، مجید شیخ ، نبی اختر قریشی وغیرہ شریک تھے۔ اس موقع پر معزز مہمانوں کے ہاتھوں وائس آف میمن ٹائمز کے یوٹیوب چینل کا افتتاح اور میمن ٹائمز میگزین کے اکتوبر شمارے کا بھی اجرا عمل میں آیا۔ اخیر میں فیڈریشن کے صدر اقبال میمن آفیسر نے تمام مہمانوں کو شال پیش کرکے عزت افزائی کی ۔