ہندوستان

بچوں کی تعلیم کے ساتھ اخلاق کی درستگی پر بھی توجہ دیں مسلمان

ٹیرھاگاچھ پبلک اسکول میں یومِ اطفال پر خصوصی پروگرام کا انعقاد، مولانا اسرارالحق قاسمی کا خطاب
کشن گنج۔۱۶؍نومبر: بچے قوم وملک کا وہ سرمایہ ہیں جو اپنے اساتذہ سے رہنمائی اور تعلیم حاصل کرکے مستقبل میں اپنے قوم وملک کا نام روشن کرتے ہیں ،اس لئے ہمیں بچوںکی تعلیم و تربیت پر خاص توجہ دینی چاہئے اور کوشش کرنی چاہئے انھیں اچھے اخلاق و کردار کا حامل بنائیں ،انہیں سچائی و امانت داری کا علمبردار بنائیں اور ان کے دل میں ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے جذبات پیدا کریں تاکہ وہ حقیقی معنوں میں ہمارے لئے قیمتی سرمایہ ثابت ہوسکیں۔ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین و ممبرپارلیمنٹ مولانا اسرارالحق قاسمی نے یوم اطفال کی مناسبت سے کشن گنج کے ٹیڑھاگاچھ پبلک اسکول میں منعقدہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے یوم اطفال کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یقینِ محکم اور عملِ پیہم سے زندگی میں کامیابی حاصل ہوتی ہے اور ہمیں اپنے اندر یہ دونوں خصوصیات پیدا کرنی ہوںگی ۔انہوں نے کہا کہ آج آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کا یوم پیدائش ہے اوراسی مناسبت سے ہمارے ملک میں یوم اطفال منایاجاتاہے کیوںکہ نہروجی کو بچوں سے خصوصی انسیت تھی اور وہ ہمیشہ بچوں کی تعلیم پر توجہ دیتے تھے اسی وجہ سے انہیں چاچانہروبھی کہاجاتاہے۔انہوںنے کہاکہ غربت کی وجہ سے بچوں کی تعلیم و تربیت میںکوتاہی نہیں کرنا چاہئے ہم اپنی معمولی خواہشات اور کھانے پینے میں کمی کرکے اپنے بچوں کو تعلیم دلائیں تاکہ وہ آئندہ خود بھی کامیاب ہوں اور ہمارے لئے بھی نیک نامی اور صدقہ جاریہ بنیں۔مولانانے کہاکہ اس اسکول میں بچوں کی معیاری تعلیم کے ساتھ ان کی تربیت پر بھی توجہ دی جاتی ہے جس کے لئے اسکول کے ذمہ داران و انتظامیہ اور یہاں کے اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے جلسہ میں موجود بچوں کے سرپرست اوروالدین اور ہزاروں کی تعداد میں موجودسامعین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ عصری تعلیم کے ساتھ گھروں میںاپنے بچوں کی دینی تعلیم و اخلاق کی درستگی پر بھی توجہ دیں تاکہ ان کے اندر دینی رجحان بھی پیدا ہوسکے اور وہ عملی زندگی میں مذہبی تعلیمات و ہدایات پر بھی عمل کرے والے بنیں ۔ اس موقع پراسکول کے ڈائریکٹر متین انور،پرنسپل مجسم عالم،مقامی ضلع پریشدترجمان رفیق عالم،ضلع پریشد شیام لال، ضلع پریشد عمران عالم،ماسٹر سجاد عالم، قمرالہدی، سابق ضلع پریشدشوکت علی،ٹیڑھاگاچھ مکھیاسنگھ کے صدر مدثر آزاد عرف چھوٹے،عادل،محبوب عالم،نفیس حیدر، مجاہد عالم،شاہ نذراور مناظر وغیرہ موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker