ہندوستان

محسن انسانیت صلی اللہ عیہ وصلم کے پیغام کو عملی طور پر عام کیا جائے

قمرالدین صابری اردو فائونڈیشن کے زیر اہتمام جلسہ سیرت النبیﷺ و محفل نعت
حیدرآباد:25؍نومبر( پریس ریلیز)محسن انسانیت ‘رہبر عالم پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ذات اقدس سارے عالم کے لیے رحمت اللعالمین ہے۔ آپ ﷺ کا لایا ہو ا دین قیامت تک ساری انسانیت کے لیے دنیا و آخرت کی کامیابی کا ضامن ہے۔ آپ ﷺ کی حیات بابرکت کے سبھی گوشوں اور آپ ﷺ کے طریقہ زندگی کو ہم عملی طور پر اپنائیں اور ابنائے وطن کو مختلف زبانوں میں آپ ﷺ کے لائے ہوئے پیغام کو عام کیا جائے۔ ذکر رسول ﷺ ایک بڑی سعادت ہے اور اس کے لیے ماہ ربیع الاول کے علاوہ سال کے بارہ مہینے ہم اطاعت نبوی ﷺ کی عملی مثال بنیں ۔ان خیالات کا اظہار قمر الدین صابری اردو فائونڈیشن اور انجمن قلمکاران دکن حیدرآباد کے زیر اہتمام قمر الدین صابری ہال ریڈ ہلز حیدرآباد میں منعقدہ ایک روزہ جلسہ سیرت النبی ﷺ اور محفل نعت سے مختلف دانشوروں نے خطاب کے دوران کیا۔ جلسہ کی صدارت قاضی محمد سراج الدین صاحب نے کی اور نظامت کے فرائض جناب اسلم فرشوری نے انجام دئیے۔ ڈاکٹر محمد اسلم فارقی کی قرء ات کلام پاک سے جلسہ کا آغازہوا۔ڈاکٹر محمد ناظم علی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلام سارے عالم کے لئے رحمت بن کر آئے۔آپ ﷺ کے اخلاق انسانیت کی معراج ہیں بے شک آپ سراپا اخلاق ہیں اور قرآن کی عملی تصویر ہیں اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم آپ ﷺ کے پیغام کو سبھی تک پہونچائیں۔ اور نئی نسل کو اسلامی تعلیمات کے زیور سے آراستہ کریں۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ حضور ﷺ کے طریقہ زندگی میں ہر زمانے مین کامیابی ہے۔ آج ہم سنتوں سے اس لیے غفلت برت رہے ہیں کہ یہ سنت ہی ہے نا جب کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین سے سنتوں کو اپنا کر زندگی میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اللہ کی مدد آج بھی اسباب کے خلاف مشروط ہے اس کے لیے ہمیں حقیقی طور پر اپنی زندگی کو سنتوں سے آراستہ کرنا ہوگا۔مہمان خصوصی قاضی محمد سراج الدین صاحب نے کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺکی ولادت باسعادت انسانیت اور امت مسلمہ کے لیے بڑا انعام ہے اور جس طرح آپ ﷺ کے دادا اور چچا نے میلا د النبی ﷺ پر خوشی کا اظہار کیا تھا اسی طرح ہمیں بھی سبب وجود کائنات محسن انسانیت کی آمد پر میلاد منانا چاہئے۔ انہوں نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف گوشوں کو اجاگر کیا اور مسلمانوں کو تلقین کی کہ توحید کی امانت اور سنت نبوی ﷺ سے حقیقی پیار ہمیں کامیابی دلائے گا۔ آج غیر اقوام بزرگان دین اور اولیا اللہ کے آستانوں سے فیض اٹھارہی ہیںاور ہم اپنے عظیم سرمائے سے غفلت برت رہے ہیں انہوں نے مسلمانون کو اختلافات ترک کرنے اور کلمہ لا الہ اللہ کی بنیاد پر متحد ہونے کی تلقین کی۔ سرپرست بزم قمر لدین صابری فائونڈیشن جناب ڈاکٹر ایم ایم انور صاحب پرنسپل سائنٹسٹ و سابق ڈائرکٹر فاصلاتی تعلیم مولانا آزاد اردو یونیورسٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو زبان میں عربی کے بعد سب سے بڑا ذخیرہ اسلامی تعلیمات کا ہے۔ اس لیے اردو زبان میں سیرت النبی ﷺ کے پیغام کو عام کیا جائے۔ اور مستقل لائحہ عمل کے طور پر اردو نصاب میں سیرت کے گوشوں کو شامل کیا جائے۔ دیگر ابنائے وطن کو ہم مختلف زبانوں میں پیغمبر اسلام کی تعلیمات سے واقف کرائیں۔ انہوں نے ایک تعلیمی بورڈ کی تشکیل کا مشورہ دیا جس میں سائنسی علوم کے ساتھ اسلامی علوم کی تعلیم کی فکر ہو۔ انہوں نے کہا کہ قمر الدین صابری فائونڈیشن کے ماہانہ اجلاس اردو زبان کے فروغ اور عصر حاضر میں مسلمانوں کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کی یکسوئی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ جناب اسلم فرشوری نے کہا کہ ذکر رسول ﷺ اور مدحت رسول ﷺ کا بیان ہمارے لیے زندگی کا سب سے بڑا سرمایہ ہے اور اس کی قدر کرتے ہوئے ہم اپنی زندگی اور آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ جناب ڈاکٹر محبوب فرید مدیر ماہنامہ شاداب نے سیرت النبی ﷺ کے اہم گوشے عفو و درگزر پر خطاب کیااور طائف کا واقعہ اور دشمن رسول ﷺ پر تلوار اٹھانے والے کی مثال پیش کی کہ رحمت اللعالمین کے لقب سے سرفراز آقا کیسے کسی کے لیے بد دعا کرسکتے تھے یا بدلہ لے سکتے تھے انہوں نے عفو و درگرز کی جو عظیم مثال پیش کہ آج اسلام مسلمانوں کے بہتر رویے کے سبب بھی مقبول ہے۔ جلسہ سیرت البنی ﷺ کے بعد محفل نعت منعقد ہوئی جس میں کانپور سے آئے مہمان شاعر جناب شکیل حیدر‘ جناب اسلم فرشوری جناب مومن خان شوق نے نذرانہ نعت پیش کیا۔ پروفیسر محمد انور الدین صاحب نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ ڈاکٹر نکہت آرا شاہین نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

Tags

Sajid Qasmi

غفران ساجد قاسمی تعلیمی لیاقت : فاضل دارالعلوم دیوبند بانی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن بانی چیف ایڈیٹر ہفت روزہ ملی بصیرت ممبئی بانی و صدر رابطہ صحافت اسلامی ہند بانی و صدر بصیرت فاؤنڈیشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker