نوائے خلقہندوستان

بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے نام کھلا خط

مکرمی!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ ایک ایسا ادارہ ہے جس سے مدارس کے وہ طلبہ جو فراغت کے بعد اس کی ڈگری سے اپنی تعلیم جاری رکھناچاہتے ہیں اور آگے کچھ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں انہیں کافی دشواری اور مشقت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، اس لئے کہ جامعہ میں ابھی پرائیویٹ سے “بی اے” میں داخلہ جاری ہے مگر بہار کے طلبہ کا داخلہ نہیں ہورہاہے۔
میں تین دنوں سے جامعہ کا چکر کاٹ رہاہوں مگر میرا داخلہ نہ ہوسکا، جب میں داخلہ لینے میں ناکام رہا اور بالکل ناامید ہوگیا تو مجبور ہوکر یوپی بورڈ سے عالم کا فارم بھرا تاکہ میرا سال برباد نہ ہواور میں اپنی تعلیم آگے جاری رکھ سکوں۔
بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کو چاہئے کہ وہ جامعہ سے رابطہ کرکے اپنی ڈگری منظور کروائیں ورنہ اس سے طلبہ کا مستقبل تباہ ہوجائے گا۔
جےاین یو، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی،متھلا یونیورسٹی، دہلی یونیورسٹی، ان کے علاوہ کئ اور یونیورسٹیاں ہیں جس میں بہار کی مولوی سے “بی اے” میں بآسانی داخلہ ہوجاتاہے۔مگر جامعہ میں داخلہ کیوں نہیں ہورہاہے اس کی وجہ بھی معلوم کریں اس لئے کہ جامعہ کے پراسپیکٹس میں بہاراسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کا نام موجود ہے مگر ایک واضح غلطی ہے مولوی کی جگہ عالم لکھا ہوا ہے، جبکہ بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ اس نام سے کوئ ڈگری نہیں دیتا۔ یا تو جامعہ کے ذمہ دران اور اکزامینیشن کنٹرولر کو اس بات کا علم نہیں یا وہ قصدا طلبہ کو پریشان کررہے ہیں؟
اگر یہ ڈگری نامنظور ہے اور اس سے “بی اے” میں داخلہ نہیں ہوسکتا ہے تو پھر جامعہ کے پراسپیکٹس سے اس کا نام کیوں نہیں ہٹایا جاتاہے؟ میں نے سو سے زائد طلبہ کو مایوس ہوکر واپس ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ ایک اقلیتی ادارہ ہےاور زیادہ تر یہاں اقلیتی طبقہ ہی تعلیم حاصل کرتا ہے۔مگر کچھ دنوں سے یہاں کا نظام بالکل بدتر ہے، ٹی ٹی آئ پر جو صاحب بیٹھتے ہیں انتہائی بدتمیز اور بدزبان ہیں انہیں بات کرنے اور رہمنائ کرنے کا سلیقہ بالکل بھی نہیں ہے۔
میں بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ جامعہ کے وائس چانسلر اور اکزامینیشن کنٹرولر سے رابطہ کرکے مولوی کی ڈگری کو منظوری دلوائیں اور جامعہ کے اکزامینیشن کنٹرولر سے درخواست ہے کہ وہ اپنے پراسپیکٹس میں عالم کی جگہ مولوی لکھیں ۔
جامعہ کے ذمہ داران کے ایمیل ایڈرس نیچے موجود ہے۔
sashraf@jmi.ac.in
registrar@jmi.ac.in
assiddiqui@jmi.ac.in
walvi@jmi.ac.in
جزاکم اللہ خیرا
محمد افسر علی
afsarqasmi0@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker