ہندوستان

کمبھ عظیم روحانی و ثقافتی اجتماع: وزیر اعلیٰ

لکھنؤ: 13 جنوری (یواین آئی) اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یو گی آدتیہ ناتھ نے’کمبھ- 2019 کانفلوئنس آف مائنڈس‘ پروگرام کو خطاب کیا کہا کہ کمبھ عظیم ترین روحانی اور ثقافتی اجتماع ہے۔ اس روایت کو ہمارے رشی-منیوں، عقیدت مندوں اور عوام نے ہزاروں سال سے سنبھال کر رکھا ہے۔ ہر سال ماگھ کے مہینہ میں پریاگ کے تروینی سنگم پر عقیدت مندوں کاہجوم لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیسکو کی جانب سے کمبھ کو ’انسانیت کی غیر معمولی ثقافتی ورثہ کی فہرست‘ میں شامل کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں اندرا گاندھی پرتشٹھان میں انڈیا ٹوڈے کے زیر اہتمام منعقد ’کمبھ-2019کانفلوئنس آف مائنڈس‘ پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ساڑھے چار سو برسوں میں پہلی بار پریاگ راج کمبھ-2019میں عقیدت مندوں کو’’ اکشئے وٹ ‘‘اور سرسوتی کوپ کے دیدار کا موقع حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمبھ عقیدت مندوں کے سیکورٹی اور بہتر انتظامات کے لئے اپنی نئی شناخت قائم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ریاستی حکومت کے تشکیل کے بعد ہی سے کمبھ کے سلسلہ میں ایک عملی منصوبہ تیار کیا گیا جس کے پیش نظر کمبھ میلہ ہ کو 3200ہیکٹیئر رقبہ میں بسایا گیا ہےتاکہ کمبھ کو روشن ، شاندار، صحت مند اور محفوظ بنایا جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عقیدت مندوں کو بہتر آمد و رفت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کل 10فلائی اووَر اور آر او بی کی تعمیر، چھ انڈر پاس کی فور لین کی توسیع، 264سڑکوں کی توسیع، 64چوراہوں کا استحکام اور تزئین کاری، میلہ علاقہ میں 250 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر اور 22پانٹون بِرج کی تعمیر کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریاگ راج کے تمام اسپتالوں میں طبی سہولیات کو فروغ دیا گیا ہے۔ سیکورٹی کے پختہ انتظامات کے لئے ’’انٹی گریٹیڈ کنڑول اینڈ کمانڈ سینٹر ‘‘کے قیام کے ساتھ ہی1400سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کا بندوبست بھی یقینی بنایا گیا ہے ساتھ ہی 4000سے زیادہ ایل ای ڈی لائٹوں کی تنصیب سے پورے میلہ علاقہ کو روشن کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کمبھ میں اس بار صفائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اس کے لئے ایک لاکھ بائیس ہزار بیت الخلاء کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ پہلی مرتبہ پریاگ راج کمبھ میں آنے والے عقیدت مندوں اور سیاحوں کے لئے آبی، برّی اور فضائی راستے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اس کے لئے پریاگ راج میں نئے ایر سول ٹرمینل کی تعمیر کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے جہاز، کروز کو چلایا جاسکے، اس کے واسطے جےٹی کا قیام بھی کرایا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 192ممالک کے نمائندے پریاگ راج کمبھ-2019ءمیں شرکت کریں گے۔ ملک کے ہر ثقافتی حلقے کی نمائندگی اس کمبھ میلے میں دیکھنے کو ملے گی۔ ملک کے چھ لاکھ مواضعات کے نمائندوں کو بھی اس کمبھ میں مدعو کیا گیا ہے۔ ملک-بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کی سہولت کے لئے ٹینٹ سٹی ڈیولپ کی گئی ہے۔ پریاگ راج کمبھ-2019ءاب تک کا سب سے انوکھا کمبھ ہوگا۔ اس میں دنیا کے گوشے گوشے سے لوگوں کی شراکت داری ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سکریٹری اطلاعات وسیاحت اونیش کمار اوستھی، ڈائرکٹر اطلاعات ششر اور انڈیا ٹوڈے گروپ کے عہدیداران سمیت دیگر معزز افراد خاص طور سےموجود رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker